واپڈا حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد دیامر یوتھ موومنٹ نے احتجاجی دھرنا غیر معینہ مدت کے لئے موخر کردیا
چلاس(مجیب الرحمان)واپڈا حکام اور دیامر یوتھ موومنٹ کے مابین مذاکرات کامیاب،دیامر یوتھ موومنٹ نے احتجاجی دھرنا غیر معینہ مدت تک کے لئے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔اس سے قبل دیامر یوتھ موومنٹ نے واپڈا کی جانب سے نالہ جات کے لئے بننے والی سڑکوں کے کام کے معیار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا تھا۔دیامر یوتھ موومنٹ کے راہنماؤں شبیر احمد قریشی،شریف شاہ،شاہ ناصر،فیاض،عابد حسین،رحمت شاہ،اجمل بھٹی،فضل الحق،طاہر ایڈوکیٹ،محمد ادریس سالک و دیگر پر مشتمل وفد سے جی ایم واپڈا عامر بشیر چوہدری نے مذاکرات کئے۔اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ سی بی ایم سکیم کے تحت نالہ جات کے لئے بننے والی سڑکوں میں ٹھیکیداروں کی جانب سے غیر معیاری کام اور ناقص میٹریل کے استعمال پر ادائیگی روک دی گئی ہیں۔اور غفلت اور لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔سڑکوں کی تعمیر کے کام کا جائزہ لینے کے لئے واپڈا کے انجینئیرزدیامر یوتھ موومنٹ اور عمائدین علاقہ کے نمائندہ وفد کے ہمراہ سائیٹ وزٹ بھی کریں گے۔اور اس عمل کو شفاف اور معیاری انداز میں مکمل کروانے کے لئے مکمل نگرانی بھی کی جائے گی۔جی ایم واپڈا عامر بشیر چوہدری کا کہنا تھا کہ سپورٹس کمپلیکس کے قیام ،نالہ جات میں تعلیمی اداروں،ہسپتالوں میں اضافی کمروں کی تعمیر تزئین و آرائش کے لئے ضروری فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔چلاس ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لا کر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔دیامر یوتھ موومنٹ کے نمائندہ وفد سے جی ایم واپڈا کا مزید کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے دیامر کے عوام نے اپنا سب کچھ قربان کیا ہے۔واپڈا ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لئے واپڈا اور صوبائی حکومت مل کر کردار ادا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔بعد ازاں دیامر یوتھ موومنٹ نیاجلاس کے بعد جاری پریس ریلیز میں کہا ہے کہ واپڈا حکام کی جانب سے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ہے جس پر غیر معینہ مدت تک کے لئے احتجاجی دھرنا موخر کیا جا رہا ہے۔