دیامر میںچیف کورٹ کا سرکٹ بینچ قائم نہیںکیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہو جائیںگے، دیامر بار ایسوسی ایشن
چلاس ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) دیامر بار ایسوسی ایشن کے صدر جمشید خان ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری معروف شاہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دیامر استور ڈویژن بننے کے بعد عرصہ گزر چکا ہے اور وزیراعلیٰ نے دیامر استور ڈویژن میں چیف کورٹ کا بنچ قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر تاحال چیف کورٹ کا سرکٹ بنچ قائم نہیں کیا گیا ۔ دیامر بار کے تمام ممبران صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت فی الفور دیامر میں چیف کورٹ کا سرکٹ بنچ قائم کرے بصورت دیگر وکلا احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ میں DA ،DPP ، DDPP، ADDPP، کی پوسٹوں پر کنٹریکٹ آفیسران تعینات ہوئے ہیں ۔ جن کی مدت ملازمت ختم ہونے والی ہے ۔ صوبائی حکومت ان آفیسرز مدت ملازمت میں توسیع نہ دے ۔ اگر صوبائی حکومت کو مذکورہ بالا آفیسرز کی ضرورت ہے تو از سر نو ٹیسٹ انٹرویو کرایا جائے تاکہ اہل اور قابل وکلا کی تعیناتی عمل میں آسکے ۔ بصورت دیگر صوبائی حکومت فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ٹیسٹ کا انعقاد کرا کر مستقل بنیادوں پر آفیسروں کی تعیناتی عمل میں لائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو وکلا احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے ۔۔