کھنڈر سڑک:گاہکوچ سے پکورہ تک تیس منٹ کا فاصلہ ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہونے لگا
اشکومن(کریم رانجھا) ؔ گاہکوچ تا پکورہ روڈ کھنڈرات میں تبدیل ،تیس منٹ کا راستہ ڈیڑھ گھنٹے میں کٹنے لگا،محکمہ تعمیرات نے بیس سالوں میں ایک بار بھی مرمت کی زحمت نہیں کی ،مسافروں کو شدید مشکلات۔گاہکوچ اشکومن روڈ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،میٹل کا نام ونشان مٹ چکا ہے،قدم قدم پر گڑھے پڑ چکے ہیں ۔بیس سال قبل تعمیر ہونے والے اس مرکزی سڑک کی اب تک ایک بار بھی مرمت نہ ہوسکی ۔اس سڑک پر روزانہ درجنوں گا ڑیا ں اور سینکڑوں مسافر گزرتے ہیں ،بھلا چنگا آدمی اس روڑ پہ سفر کے بعد بیمار پڑ جاتا ہے۔قبل ازیں گاہکوچ تا چٹورکھنڈ تیس منٹ ڈرائیو کے بعد منزل مقصود تک پہنچا جا سکتا تھا مگر اب یہی فاصلہ ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔رہی سہی کسر وقتاََ فوقتاََ ہونے والی بارشوں نے پوری کردی ہے،سڑک کنارے پڑا ملبہ سالوں سے نہیں ہٹایا جاسکا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ حادثات کا باعث بھی بن رہا ہے۔چٹورکھنڈ ،پکورہ میں نئے تعمیر کئے جانے والے کلورٹس تعمیر کے فوراََ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکے ہیں ۔سڑک کی ناقص حالت کو دیکھتے ہوئے مقامی وغیر مقامی ٹوریسٹ علاقے میں آنے سے کتراتے ہیں جس سے علاقے کا معاشی نقصان بھی ہورہا ہے ۔عوام علاقہ نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشکومن روڑ کی ترجیحی بنیاد پر ری کارپیٹنگ کر کے آمدورفت میں بہتری لایا جائے۔