او پی ڈی بند کرنے پر مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کا شدید احتجاج ، شاہراہ قائد اعظم بلاک
چلاس(بیورورپورٹ)ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس کے ڈاکٹروں کی طرف سے او پی ڈیز بند کرکے بلاجواز ہڑتال کرنے کے خلاف دیامر کے مختلف علاقوں سے اپنے مریضوں کے ساتھ آنے والے لوگوں نے چلاس ہسپتال کے ڈاکٹروں کے خلاف شاہراہ قائد اعظم بلاک کرکے سخت احتجاج کیا ۔مظاہرین نے چلاس بازار ،چلاس ہسپتال اور کے کے ایچ کو جانے والی لنک سڑکوں پر پتھر ڈال کر سڑک کو ہر طرف سے ہرس قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ،اور چلاس ہسپتال کے ڈاکٹروں کی من مانی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے چلاس ہسپتال کے نااہل ڈاکٹر مردہ باد کے فلگ شگاف نعرے بھی لگائے اور محکمہ صحت کے خلاف برس پڑے۔مظاہرین نے ایک گھنٹے تک شاہراہ قائد اعظم کو بلاک رکھا اور شدید غم و غصے کا اظہار بھی کیا گیا۔مظاہرین نے کہا کہ گلگت سٹی ہسپتال کے ڈاکٹر کے ساتھ پولیس کی بدتمیزی پر چلاس ہسپتال کے ڈاکٹروں کا احتجاج بلاجواز ہے ۔چلاس ہسپتال کے ڈاکٹر بے لگام ہوچکے ہیں اور گلگت ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے ساتھ پولیس کی بدتمیزی کا سزا چلاس ہسپتال کے ڈاکٹر ہمارے مریضوں کو دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مریض لیکر صبح ۷ بجے چلاس ہسپتال پہنچے ہیں کوئی بھی ڈاکٹر مریضوں کو چیک اپ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ،چلاس ہسپتال کے ڈاکٹر مسیحائی کی بجائے ہمارے مریضوں کی قصائی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چلاس ہسپتال میں ظلم کی تاریخ رقم ہورہی ہے ،حکومتی رٹ کمزور ہوچکی ہے ،یہاں کے ڈاکٹروں نے حکومت اور انتظامیہ کو یرغمال بنایا ہوا ہے ،کوئی قانون نہیں ہے یہاں کے ڈاکٹر اپنی مرضی سے ڈیوٹی پر آتے ہیں اور آپنی مرضی سے چھٹی لیکر گھوم رہے ہیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں ہر طرف اندھیر نگری چوپٹ راج ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹرہیلتھ اور ایم ایس چلاس ہسپتال میں موجود نہیں ہیں اور ڈاکٹر اپنی مرضی کے مالک بنے پھرتے ہیں اور ہسپتال آنے کے بجائے کلنکوں کو سجائے بیٹھے ہیں ۔احتجاجی مظاہرین نے مزید کہا کہ خدا را وزیر علی ا ور چیف سیکرٹری ان ڈاکٹروں کا قبلہ درست کریں ،ان ڈاکٹروں نے گلگت بلتستان میں اپنی الگ حکومت قائم کی ہوئی ہے اور حکومتی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں ،آئے روز غیر ضروری احتجاج کرکے عوام اور مریضوں کو رولا رہے ہیں یہ کہاں کا قانون اور کہاں کا انصاف ہے ۔ڈاکٹروں کے خلاف احتجاج کرنے والے مریضوں کے لواحقین اور عوام الناس چلاس سے مذکرات کرتے ہوئے ایس پی دیامر رائے اجمل نے کہا کہ مظاہرین کے مطالبات پر غور کریں گے اور چلاس ہسپتال کے ڈاکٹروں کو ہسپتال لانے کیلئے بھر پور کوشیش کی جائیگی ۔ایس پی دیامر کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طریقے سے منتشر ہوگئے۔