عوامی مسائل
باران رحمت نے گلگت شہر کی شاندار ترقی کے حکومتی دعووں کا پول کھول دیا
گلگت( سٹاف رپورٹر)باراں رحمت نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا پول کھول دیا۔شہر کی مرکزی شاہرائیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں، سٹرکوں پر جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں، جن میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مسافروں کو پیدل چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے 6ماہ قبال گلگت شہر کے مرکزی شاہراہوں کی ری کارپٹنگ کا کام کیا گیا تھا جو 6ماہ کی قلیل مدت کے بعد ہی مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ مرکزی شاہراہوں پر ری کارپٹنگ کا دوبارہ آغا ز نہ ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ سٹرکوں کی خستہ حالی کے باعث ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔ 10منٹ کا فاصلہ 45منٹ میں طے ہونے لگا ہے۔
جمعہ کے روز گلگت میں معمولی بارش سے سٹرکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جس سے صوبائی حکومت کی طرف سے ترقیاتی کاموں کے دعووں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ شاہراہ قائداعظم جوٹیال میں دو جگہوں پر مرکزی شاہراہ پر کلوٹکی تعمیر کے بعد 6ماہ گزرنے کے باجود متاثرہ ایریا کو میٹل نہیں کیا جاسکا ہے۔ مٹی اور دھول کے باعث شاہراہ قائداعظم کے دکاندار پریشان ہیں۔ جبکہ بارش میں متاثرہ ایریا تالاب بنا رہتا ہے جس کے باعث وہاں سے گزرنے والے مسافر ، طلباء وطالبات سمیت ٹرانسپورٹروں کو چلنے میں مشکلات پیش آرہی ہے۔