سیاست

پاکستان ٹیلیویژن پر شینا اور بلتی بلیٹنز کی بندش مسلم لیگ ن کی ناکامی ہے، سعدیہ دانش

گلگت (پ.ر) صوبائی سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی گلگت بلتستان و سابق مشیر اطلاعات سعدیہ دانش نے پاکستان ٹیلیویژن نیوز کی جانب سے مقامی خبروں کی بندش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے. اپنے بیان میں پی پی پی کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے 2011 میں قومی ٹی وی چینل سے شنا اور بلتی زبانوں پر پانچ منٹ کی خبروں کے بلٹن کا آغاز کیا تھا جس میں صرف گلگت بلتستان کی خبریں نشر کی جاتی تھی جس سے دنیا بھر میں جہاں شنا اور بلتی زبانوں کو فروغ مل رہا تھا وہاں علاقے کے لوگ بھی قومی نشریاتی ادارے پر مقامی زبانوں کی خبروں کی نشریات کے آغاز سے انتہائی خوش تھے لیکن 2015 میں مسلم لیگ ن کی صوبے میں حکومت بننے کے بعد رفتہ رفتہ پاکستان ٹیلی ویژن نیوز کی مینجمنٹ نے علاقائی خبروں کے بلٹن کو کم کرنا شروع کیا اور اب افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کە گزشتہ ایک عرصے سے پی ٹی وی نیوز پر شنا اور بلتی زبان کی خبروں کے نام پر صرف اور صرف ملکی سطح کی خبریں نشر کی جاتی ہیں ایک بھی خبر گلگت بلتستان کی بلٹن میں شامل نہیں کی جا رہی ہیں. انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو ٹھیکوں کی بندربانٹ اور ٹیکنیکل انداز میں کی جانے والی کرپشن سے فرست نہیں اور مقامی اخبارات کی کوریج ہی ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے. سعدیہ دانش کا کہنا ہے کہ قومی نشریاتی ادارے سے علاقائی خبروں کے بلٹن کی بندش مسلم لیگ ن کی حکومت کے منہ پر طمانچے سے کم نہیں. انہوں نے کہا ہے کہ علاقائی خبروں کی بندش سے کئی افراد بے روزگار ہوجائیں گے اور گلگت بلتستان کے لوگ مایوسی کا شکار ہوں گے. انہوں نے کہا ہے کہ مرکز اور صوبے میں جب تک پیپلزپارٹی کی حکومت رہی شنا اور بلتی زبان کے بلٹن سے گلگت بلتستان کی بھر پور انداز میں کوریج ہوتی رہی اور جوں ہی یہ آمریت کی گود میں پلنے والی جماعت صوبے میں اقتدار میں آئی ان کی توجہ مفاد عامہ اور علاقے کے مفاد سے ہٹ گئی اور انفرادی مفادات کی خاطر انہوں نے قومی مفاد کو پس پشت ڈالا. سیکرٹری اطلاعات پی پی پی گلگت بلتستان کا مذید کہنا ہے کہ ہماری حکومت کے آخری دنوں میں گلگت بلتستان کے لئے پی ٹی وی کا نیوز بیورو بھی منظور ہو چکا تھا لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت بننے کے بعد اس پر کام رک گیا وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کئی بار اعلانات کئے کە گلگت بلتستان میں پی ٹی وی نیوز کا بیورو آفس قائم کیا جائے گا لیکن بیورو کا قیام تو کجا آج علاقائی خبروں کی نشریات بھی بند ہو گئی ہیں جو کە صوبائی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے. انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کە قومی نشریاتی ادارے میں گلگت بلتستان کی دو زبانوں شنا اور بلتی نیوز بلٹن کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان کی صحیح معنوں میں ترقی و ترویج ہو سکے. جاری کردہ میڈیا آفس پی پی پی سیکریٹری اطلاعات

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button