پولیس کو مضبوط بنائے بغیر دیرپا قیام امن ممکن نہیں ہے، ڈاکٹر کاظم نیاز کا الوداعی تقریب سے خطاب
گلگت (پ ر)پولیس کو مضبوط کئے بغیر دیر پا امن کا قیام ممکن نہیں ہے ان خیالات کا اظہار سابق چیف سکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اپنے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی تعیناتی کے دوران انہی خطوط پر کام کیا جس میں وفاق کا تعاون رہا اور آج مجھے خوشی ہے کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی ریکروٹمنٹ جاری ہے۔ جس میں 700اہلکار لئے جائیں گے۔ جی بی کے آٹھ شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ لگیں گے۔ پولیس کے نامکمل پراجیکٹس کو تکمیل کی راہ پر گامزن کیا۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک ،ٹورازم، شاہراہ قراقرم، بلند چوٹیوں اور گلیشیئرز اور دیگرمیگا پراجیکٹس کیوجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اسی تناظر میں سی پیک پولیس اور ہائی الٹی چوڈ پولیس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اللہ کے فضل سے جی بی پولیس اب پرانی والی پولیس بلکل بھی نہیں ہے۔ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ ہم نے ایک ٹیم ورک کے زریعے مشاورت سے کام کیا اور پولیس فورس کو ایک اچھی پوزیشن پر چھوڑکر جا رہے ہیں۔
اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان صابر احمد نے کہا کہ ڈاکٹر کاظم نیاز کی خدمات پولیس فورس کے لئے اہم ہیں۔ انہوں نے SPU ، آئی ٹی ڈویژن اور دیگر پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے بھر پور تعاون کیا۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے گلگت بلتستان میں روٹین سے ہٹ کر خلوص، لگن اور محنت کے ساتھ کام کیا اور کئی اہم پرجیکٹس کی تکمیل کو ممکن بنایا۔ انہوں نے ٹیم ورک کے زریعے مشاورت سے کئی ایشوز سلجھائے ۔خصوصا جی بی پولیس کے لئے ان کی خدمات برسوں یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب کے اختتام پر سابق چیف سکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کو آئی جی پی صابر احمد نے جی بی پولیس کی جانب سے یادگاری تحفہ پیش کیا۔ تقریب میں نئے چیف سکریٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڈ بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے سابق چیف سکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز جب نئے چیف سکریٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڈ کے ہمراہ سی پی او پہنچے تو انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان صابر احمد نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ تقریب میں ڈی آئی جی گوہر نفیس ، اے آئی جی تنویر الحسن ، اے آئی جی حنیف اللہ، ایس ایس پی میر طفیل احمد ، اے آئی جی محمد جمیل اور پی ایس او آفتاب سمیت دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔