غذر کے کھوار شاعر کا دورہ چترال
رپورٹ : عنایت اللہ فیضیؔ
غذر کے کہنہ مشق شاعر جاویدحیات کا کا خیل نے چترال کا تین روزہ دورہ کیا۔ چترال کی ادبی تنظیموں نے مہمان شاعر کی خوب ضیافت اور پذیرائی کی۔ پہلے روز انہوں نے ملکی پولو ٹورنمنٹ کے سلسلے میں چترال کلچرل کونسل اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے ہونے والے محفل مشاعرے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ مشاعرے میں انجمن ترقی کھوار، ادبی تنظیم میئر، کھوار قلم قبیلہ، کھوار اہل قلم اور نان دوشی میوزک سکول کیساتھ تعلق رکھنے والے ادیبوں ،شاعروں ، قلمکاروں اورفنکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جاوید حیات کاکا خیل نے اپنا کلام بھی سنایا اور محفل سے خطا ب بھی کیا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے مادری زبان کھوار کے لئے غذر گلگت بلتستان کے عوام کی محبت اور کاوشوں کا ذکر کیا۔ دوسرے روز انجمن ترقی کھوار چترال کے زیر اہتمام جاوید حیات کا کا خیل کے کھوار مجموعہ کلام’’ گُرزین ‘‘ کی تقریب رونمائی ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی ، امیر خان میر مہمان خصوصی اور جاوید حیات کا کا خیل مہمان اعزاز تھے ۔ جبکہ سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر مکرم شاہ نے تقریب کی صدارت کی۔شہزادہ تنویر الملک، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی، گل مراد خان حسرت ،ذاکرمحمد زخمی ، یوسف شہزاد ، ممتاز حسین بالیم او ر صوبیدار میجر (ر) قلندر شاہ نے کتاب اور شاعر کے حوالے سے جامع تبصرے کئے۔کھوار اہل قلم کی طرف سے اقرار الدین حسرو نے جاوید حیات کا کا خیل کو یادگاری ایوارڈ پیش کیا ۔مہمان خصوصی اور صدر محفل نے جاوید حیات کا کاخیل کو شاندار الفاظ میں خراج
تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر جاوید حیات کا کاخیل نے انجمن ترقی کھوار چترال اور ادارہ نوائے چترال لاہور کا شکریہ ادا کیا۔ شام ڈھلے ریڈیو پاکستان سے جاوید حیات کا کا خیل کو لائیو پروگرام رابطہ میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا۔ ایک گھنٹے کے پروگرام میں مہمان شاعر نے کمپیئر اور سامعین کے سوالوں کے جواب دیئے اوراپناکلام بھی سنایا۔ رات گئے انجمن ترقی کھوار چترال نے کلکٹر ہاؤس مشانگل دنین میں مہمان شاعر کے اعزاز میں پر تکلف ضیافت اور مشاعرہ منعقد کیا۔ اپنے دورۂ چترال کے تیسرے روز جاوید حیات کاکا خیل نے قلعہ چترال میں مہتر فاتح لملک علی ناصر سے ملاقات کی اور قلعے کے نوادرات دیکھے۔ بعدازاں شام کو ریڈیو چینل ہاٹ ایف ایم 97کے لائیوپروگرام میں مہمان خصوصی بنے۔ ڈیڑھ گھنٹے کے پروگرام میں انہوں نے اپنا کلام سنایا آر جے شیر اکبر صبا کیساتھ ان کی گفتگو براہ راست نشر ہوئی سامعین نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ یہ پروگرام انٹرنیٹ پر مڈل ایسٹ میں بھی براہ راست سنا جاتاہے۔ جاوید حیات کا کا خیل تین دنوں کی ادبی و سماجی مصروفیات کے بعد اپنے آبائی گاؤں گلا غموڑی غذر واپس تشریف لے گئے۔