سبزی اور پھل فروشوں نے ماہِصیام کی آمد کے ساتھ ہی غذر میں عوام کی کھال اتارنا شروع کردیا
غذر(بیورو رپورٹ)ماہ صیام کے آمد کے ساتھ ہی گاہکوچ بازار میں سبزی اور پھل فروشوں نے عوام کو لوٹناشروع کر دیا۔سبزیاں اور پھل روزہ داروں کی دسترس سے باہر ہو گئے جبکہ غذر میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا وجود مکمل طور پر ختم ہو کر رہ گیا کسی بھی دکان میں سرکاری نرخ نامہ آویزاں ہوتا دیکھائی نہیں دیتا ایسا لگ رہا ہے کہ انتظامیہ اور دکاندار باہمی ملی بھگت سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ عوام کا کو ئی پرسان حال نہیں۔واضح رہے کہ رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی غذر میں سبزی اور پھلوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بے لگام دکانداروں کو من مانے ریٹ وصول کرنے کی کھلی چھٹی دے دی دکانداروں کی من مانیوں سے عوام عاجز آگئے اور سبزی ،پھل مہنگے داموں لینے پر مجبور ہو گئے عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر غذر سے مطالبہ کیا ہے کہ پھلوں ،سبزیوں اور اشیاء خوردنوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر سرکاری نرخ نامے جاری کئے جائیں اور دکانداروں کو سرکاری نرخ ناموں پر اشیاء فروخت کرنے کا پابند کیا جائے اور مہنگے فروش دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔