امام خمینی اس دور کے عظیم مصلح اور مفکر ہیں، آغا راحت حسین الحسینی
گلگت۔ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کی طرف سے امام خمینیؒ کی 29 ویں برسی کی مناسبت سے عظیم الشان پروگرام کا انعقاد مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں کیا گیا۔ جسمیں علاقہ بھر سے علماء کرام ،شعراء عظام ،اکابرین ملت اور مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ برسی کے پروگرام سے خطاب کر تے ہوئے حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید راحت حسین الحسینی نے کہا امام خمینیؒ اس دور کے عظیم مصلح اور مفکر ہیں آپ نے عالم اسلام میں ایک نئی روح پھونک دی ان کی ذات اور تحریک اقوامِ عالم کیلئے نمونہ عمل ہے۔ آپ نے عالم اسلام کوچیلنجززکا سامنا کرنے کیلئے آمادہ کیا۔ امام خمینیؒ سے عشق تمام اچھی صفات سے عشق ہے آپکی سیرت سے استفادہ کر تے ہوئے عالم اسلام دنیا میں کامیابی اور سربلندی حاصل کر سکتی ہے۔
پروگرام سے خطاب کر تے ہوئے صدر مرکزی امامیہ کونسل گلگت جناب وزیر محمد مظفر عباس نے کہا امام خمینیؒ کی بے مثال شخصیت کا اعتراف دوست ، دشمن سب نے کیا۔ اس دور میں امام خمینیؒ خدا وند عالم کے عظیم نعمت کے طور پر ظاہر ہوئے اور ملتِ اسلامیہ کودشمن کے مکروہ عزائم سے آگاہ کرنے کے ساتھ کامیابی کے راستوں کی بھی نشاندہی کی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ محمد بلال سمائری نے کہا امام خمینیؒ نے امریکہ اسرائیل کی جانب سے مسلمانوں کے لئے پیدا کردہ مسائل و مشکلات کی طرف متوجہ کرتے ہوئے شیطان بزرگ امریکہ و اسرائیل کا شناخت کروایااور عالم اسلام کیخلاف انکی سازشوں سے عالمِ انسانیت کو با خبر کیا۔ پروگرام میں شعراء عظام نے اپنی کلام کے زریعے امام راحیل امام خمینیؒ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہاراور خراج تحسین پیش کیا ۔