خبریں
بلتستان بھر میںیوم القدس پر ریلیاں اور جلوس منعقد، فلسطینی مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی
سکردو (رضاقصیر) ملک بھر کی طرح بلتستان بھر رمضان المبارک کا آخری جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس مذہبی عقید ت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ اس موقع پر نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیاں نکالی گئیں جس اور غاصب اسرائیل و سرغنہ مجرمین جہاں امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں پر جاری اسرائیلی مظالم پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی کی مذمت بھی کی گئی۔ تفصلات کے مطابق پاکستان کے دوسرے مقامات کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یوم القدس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پرمظلومین فلسطین کی حمایت میں القدس ریلیاں نکالی گئیں ، امریکہ اسرائیل کے پرچم کو نذر آتش کیے گئے، امریکہ اسرائیل کے خلاف نعرہ بازی کی گئی، اور احتجاجی جلسوں میں اسرائیل کے خلاف قراردادیں منظور کی گئیں۔ بلتستان میں اسکردو، گمبہ اسکردو، گول ،کواردو،ضلع شگر، حید ر آباد، سب ڈویژن روندو میں ڈمبوداس،استک،غازی آباد،ضلع کھرمنگ میں کھرمنگ خاص، طولتی ، مادھوپوراور ضلع گانچھے میں بھی متعدد مقامات پر القدس ریلیاں نکالی گئیں۔القدس ریلی میں امامیہ آرگنائزیشن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، مجلس وحدت مسلمین ، اسلامی تحریک ، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دیگر ملی و مذہبی جماعتوں نے شرکت کی۔ اسکردو میں منعقدہ القدس ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں بیت المقدس ، امام خمینی ، رہبر معظم کی تصاویر اور فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے ۔اسکردو شہر کی فضاء امریکہ اسرائیل مخالف نعروں سے گونجتی رہی۔ جامع مسجد اسکردو سے برآمد ہونے والی ریلی جب یادگار شہدا ء اسکردو پہنچی تو عظیم الشان احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ یادگار شہداء پر اجتماع سے آئی ایس او بلتستان ڈویژن کے صدر سعید شگری، اسلامی تحریک جی بی کے سربراہ آغا عباس رضوی،مجلس وحدت مسلمین جی بی کے سربراہ آغا علی رضوی اور انجمن امامیہ کے نمائندہ اصغر جوادی نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام خمینی ؒ کا یوم القدس کا اعلان جہاں عالم اسلام میں اتحاد و وحدت کا ذریعہ ہے وہیں غاصب اسرائیل کی نفسیات پر کاری ضرب ہے۔ آج دنیا بھر کی حریت پسند تنظیمیں اور اقوام جان چکی ہیں کہ فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہانے والے دراصل عالم انسانیت کے لیے ناسور ہے۔ حالیہ دنوں میں قدس میں جاری مظالم پر انسان حقوق کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ اسرائیل اپنی جنایت کاریوں کے سبب جلد صفحہ ہستی سے مٹنے والا ہے۔ مقررین نے کہا کہ عالم اسلام کو فلسطینی مسلمانوں کی حمایت کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اگر عالم اسلام اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تو دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیوں کو انکے حق سے نہیں روک سکتی۔ فلسطین کی بے گناہوں کے خون سے رنگین سرزمین ، خون آشام صبح و شام، روتی سسکتی مائیں، بارود زدہ ماحول، اجڑتے سہاگ، لٹتی عزت و ناموس اور یتیم ہوتے بچے عالم اسلام کی غیرت و حمیت پر سوالیہ نشان ہے۔ مقررین نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ریاست کو بھی فلسطینوں کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے اور یوم القدس کو باقاعدہ سرکاری طور پر منانا چاہیے ۔