این ایچ اے کی پھرتیاں، سیاحتی سیزن میںہنزہ کی سڑکوںسے تارکول اکھاڑ دیا، مرمت نہ کرنے کی قسم کھا لی
ہنزہ (اجلال حسین)این ایچ اے نے غفلت کی انتہا کردی، گلگت تا ہنزہ شاہراہ قراقرم جگہ جگہ پر کھود کر مسافروں کے لئے خطرات بڑھا دیے۔ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہورہاہے، سڑک پر ٹریفک بڑھ رہا ہے، کھُدے ہوے سڑک کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار حادثہ رونما ہوسکتاہے، جس سے این ایچ اے اپنے آپ کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتا ہے۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے ہنزہ کے مختلف علاقوں میں شاہراہ قراقرم مختلف خطرناک مقامات خصوصاً ہنزہ کے گاوں گرلت، عطاآباد، خیبر ، حسن آباد وغیرہ میں سڑک کی مرمت کی خاطر تارکول کو اکھاڑا گیا ہے، لیکن مرمت کا کام ہے کہ شروع ہی نہیں ہوگا۔ کھدے ہوے سڑک کی وجہ سے درجنوں حادثات رونما ہوے ہیں، لیکن فی الحال کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب عوامی حلقوں اور ٹرانسپورٹروں نے بذریعہ میڈیا این ایچ اے اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا ہے، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔
ٹرانسپورٹرز اور عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ مقامات پر شاہراہ قراقرم کی مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے بصورت کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔ سیاحتی سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی سڑک کو اکھاڑ کر چھوڑ دینا این ایچ کی مجرمانہ غفلت کا آئینہ دار ہے۔