فروغ سیاحت کے لئے شینبر چھلت کی سول سوسائٹی متحرک، نیلئے برئیے تک روڑ تعمیر کیا جائے گا
نگر( اقبال راجوا) سیاحت کے فروغ کے لئے تحصیل چھلت شینبر کی سول سوسائیٹی نے کوششیں تیز کی ہیں ،گاپا ویلی روڑ کے تسلسل کو محکمہء سیاحت اور لوکل گورنمنٹ کے خصوصی تعاون سے نیلئے بریئے ٹاپ تک تعمیر کیا جا ئے گا۔ اس سلسلے میں عبدلکریم جعفری کی قیادت میں سول سوسائیٹی کے ایک وفد نے ڈائیریکٹر محکمہء سیاحت اقبال حسین سے ملاقات کے بعد قائم مقام ڈپٹی کمشنر نگر محمد شاہ رخ چیمہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اور مشترکہ چراگاہ بوئینگ کے لئے ۱۱ہزار فٹ پائپ دینے پر شکریہ ادا کیا اور گاپا ویلی روڑ کی مذید تعمیر کے سلسلے میں درکار مدد کے سلسلے میں درخواست کی ۔ سول سوسائیٹی افراد نے کہا کہ نیلئے بریئے ٹاپ پر ایک مسطح میدان ہے جو خوبصورت وادی دائینتر ویلی کے لئے باپیادہ اترنے کا نہایت آسان راستہ ہے ۔نیلئے بریئے ہماری خوش گاؤ اور بھیڑ بکریوں کے نہایت پر سکون چراگاہ اور سیاحوں کے لئے ہر لحاظ سے ایک نیا قدرتی علاقہ ہے علاقے کی عوام کو معاشی اور دیگر سہولیات کے اعتبار سے قدرت کی جانب سے ایک عظیم نعمت ہے۔ اس مقام پر ہم شندورکے متبادل وسیع و عریض سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنا چاہتے ہیں لیکن اس سب کے لئے سب سے پہلے وہاں تک رابطہ سڑک کی تعمیر انتہائی ضروری ہے۔ سول سوسائیٹی وفد میں ،پولو ایسو سی ایشن نگر کے نائب صدر امداد حسین،مردان علی اور منظور حسین کے ساتھ دیگر افراد بھی شامل تھے۔ قائم مقام ڈی سی نگر نے کہا کہ اس سلسلے میں عوامی سطح پر شعور آجانا بہت خوش آئند ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز کا اس اہم ایشو پر اکھٹا ہونا نہایت قابل تحسین اقدام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے لمبر داران کی طرف سے بھی اس منصوبے کی اہمیت بارے میں ایک قرار داد کی منظوری لازمی ہے جس میں درج کیا جائے کہ مشترکہ اراضیات کے سبب محکمہء سیاحت کو روڑ تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے اور معاوضہ ادا نہ کرنے کا کہہ دیا جائے ۔ سول سوسائیٹی وفد نے قائم مقام ڈی سی نگر محمد شاہ رخ چیمہ کا شکریہ ادا کیا۔