چترال ( محکم الدین ) دنیا کی قدیم ترین تہذیب کے حامل کالاش قبیلے کے نوجوان رہنما وزیر زادہ کالاش کی حالیہ الیکشن میں اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر قبیلے کے لوگوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور کالاش وادیوں میں جشن کا سماں ہے ۔ اس مخصوص اقلیتی نشست کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے وزیر زادہ کالاش کو دوسرے نمبر پر ٹکٹ دیا تھا ۔ اور صوبے میں پی ٹی آئی کی مطلوبہ ہدف سے بھی زیادہ سیٹیں آنے پر وہ ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں ۔ قبیلے کے لوگوں نے وزیر زادہ کے بطور رکن اسمبلی انتخاب کو اپنے لئے بہت بڑا اعزاز قرار دیا ہے ۔ اور پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ کامیاب شدہ اقلیتی رکن اسمبلی وزیر زادہ کی مبارکبادی کیلئے کالاش ومسلم کمیونٹی کے لوگوں اور سیاسی قائدین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ کئی بکرے ذبح کرکے روایتی ڈش تیار کرکے مہمانوں کو ضیافت دی جارہی ہے ۔ تو دوسری طرف دیوتا مالوش کو خوشی کی قربانی بھی دی گئی ہے ۔ اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے مردو خواتین کی طرف سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ کالاش نے ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے۔کہ قیام پاکستان کے 70سال بعد کالاش قبیلے کو پہلی مرتبہ نمایندگی ملی ہے ۔ اس لئے یہ کالاش قبیلے کیلئے ایک تاریخی الیکشن ثابت ہو ا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ یہ قائد تحریک انصاف عمران خان کا ہی سہرا ہے ۔ کہ انہوں نے کالاش قبیلے کو یہ اعزاز بخشا ۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی ترقی اور کالاش کلچر کے تحفظ کے حوالے سے بہت سی خواہشیں اُن کے د ل میں موجود ہیں او کئی خوابوں کو وہ شرمندۂ تعبیر ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔ خصوصا کالاش کلچر کے تحفظ کیلئے اسمبلی میں پالیسی لیول پر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔کہ کالاش قبیلے نے چترال پر طویل عرصے تک حکمرانی کی ۔اور اس حکمرانی کے دوران بہت سارے ترقیاتی کام کئے ۔ جن میں پُلیں ،نہریں اور عمارات ثقافتی ورثوں کی صورت میں موجود ہیں ۔ اس لئے کالاش کے تمام ثقافتی ورثوں کا تحفظ کیا جائے گا ۔ اور کالاش وادیوں سمیت چترال کی ترقی اُن کی ترجیح ہوگی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بطور اقلیتی رکن اسمبلی صوبے کے تمام اقلیتوں کے مسائل کے حل پر بھر پور توجہ دیں گے ۔ اور احسن طریقے سے ذمہ داریاں انجام دینے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ترقی کیلئے امن بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس لئے مسلم سوسائٹی و اقلیتوں کے مابین اخوت و بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے وہ پہلے سے زیادہ جوش وجذبے و ذمہ داری کے ساتھ کام کریں گے ۔ درین اثنا کالاش کمیونٹی کے عمائدین نے اقلیتی نشست کا ٹکٹ کالاش نوجوان رہنما وزیر زادہ کو دینے پر قائد تحریک انصاف عمران خان ، صوبائی اور ضلعی قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اور کہا ہے ۔ کہ قیام پاکستان سے اب تک کسی بھی پارٹی کالاش قبیلے کو نمایندگی کے قابل نہیں سمجھا ۔اس لئے تحریک انصاف کی طرف سے کالاش قبیلے کو نمایندگی دینا سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے ۔۔ انہوں نے کہا ۔ کہ عمران خان نے اقلیتوں کی نمایندگی کیلئے اُس نوجوان کا انتخاب کیا ہے ۔ جس میں تمام مذاہب کے لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کا جذبہ موجود ہے ۔ اور ہم توقع رکھتے ہیں ۔ کہ نو منتخب رکن اسمبلی وزیر زادہ جو ایک باصلاحیت نوجوان ہیں ، قوم اور اپنی پارٹی کو مایوس نہیں کریں گے ۔ کالاش قبیلے کے علاوہ مقامی مسلم کمیونٹی نے بھی وزیر زادہ کی بطور اقلیتی رکن اسمبلی منتخب ہونے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور انہیں مبارکباد دی ہے ۔
پامیر ٹائمز
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔
متعلقہ
4 سال قبل لیکچرر شپ کے لئے ایف پی ایس سی کا امتحان پاس کرنے والے امیدوار ہنوز انٹرویو کے منتظر
مئی 2, 2018
وزیر اعظم ٹائم ملتے ہی کونسل اجلاس بلا کر ود ہولڈینگ ٹیکسز کو ایجنڈہ میں رکھا جائے گا، رکن کونسل وزیر اخلاق حسین
دسمبر 24, 2017
یہ بھی پڑھیں
Close