دیامر میںسکولوںکی آتشزدگی اور فورسز پر فائرنگ صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، سعدیہ دانش
گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ دیامر میں شرپسندی اور لاقانونیت پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو سختی سے کچلا جائے۔دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں دیامر کے عوام کا تعاون مثالی اور قابل قدر ہے۔ دیامر آپریشن میں پولیس کے جوانوں کا کردار قابل ستائش ہے خصوصاً عارف حسین شہید نے شرپسندوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر کے ثابت کیا ہے کہ دیامر کے لوگ دہشتگردی کے خلاف سینہ سپر ہو کر فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔دیامر کے غیور عوام نے شرپسندوں اور علم دشمنوں کو مسترد کر دیا ہے۔مٹھی بھر شرپسند عناصر گلگت بلتستان خصوصاً دیامر کے چہرے پر انتہاپسندی اور جہالت کا داغ لگانے کی سازش کر رہے ہیں جس میں انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔صوبائی حکومت کو چاہئے کہ اسطرح کے ملک دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور انکی سرکوبی کی جائے تاکہ آئندہ اسطرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہوسکے۔سکولوں کو جلانے اور جج پر فائرنگ کرنے جیسے واقعات صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اعلی عدلیہ اور ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے وزیر اعلی اور وزرا کو شرپسندی کے واقعات پر سانپ سونگھ گیا ہے۔اتنے بڑے واقعے پر نہ تو کابینہ کی میٹنگ بلائی گئی نہ ہی میڈیا کو بریفنگ دینے کی زحمت کی گئی جس سے عوام میں تشویش لاحق ہو گئی ہے۔اسطرح کے غیر معمولی حالات میں کابینہ کی ہنگامی میٹنگ بلائی جاتی ہے۔وزیر اعلی اور وزرا میڈیا سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔دیامر میں ہونے والے واقعات سی پیک اور دیامر ڈیم کے خلاف عالمی سازشوں کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ان سازشوں کے خلاف نہ صرف بھرپور اور موثر آپریشن کی ضرورت ہے بلکہ انکے سہولت کاروں کو بھی نشان عبرت بنایا جانا چاہئے تاکہ دوبارہ کوئی اسطرح کی تخریب کاری کی جرات نہ کرسکے۔