اشکومن: سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے "چیریٹی واک” کا اہتمام کیا جارہا ہے
اشکومن(کریم رانجھا) ؔ ایوب ہمدرد فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرین بلہنز،برصوات کے امدادکیلئے ’’چیریٹی واک‘‘ کا اہتمام،واک کے شرکاء مشہور صحت افزاء مقام ’’شکارگاہ جھیل ‘‘ تک واک کریں گے،رجسٹریشن فیس 2000روپے جبکہ طلبہ کے لئے 1000روپے مقرر کئے گئے ہیں ،جمع ہونے والی رقم متاثرین کے فنڈ میں دی جائے گی۔واک کا آغاز 24اگست کی صبح ہوگاجس کا دورانیہ تقریباََچھ گھنٹے پر محیط ہے،واک کے شرکاء اپنی ضرورت کا سامان سلیپنگ بیگ،کمبل،پلیٹ وغیرہ اپنے ساتھ لائیں گے۔ایوب ہمدرد فاؤنڈیشن کے بانی راجہ محمد ایوب نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن نے برصوات اور بلہنز کے سیلاب متاثرین کی امداد اور اظہاریکجہتی کے لئے مورخہ 24اگست 2018کو ’’چیریٹی واک ‘‘کا اہتمام کیا ہے جس میں سبھی عمر کے افراد حصہ لے سکتے ہیں ۔شرکاء کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔اب تک درجنوں افراد کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ واک کا یکطرفہ فاصلہ تقریباََ چھ گھنٹے کی ٹریکنگ پر مشتمل ہے ،شرکاء صبح سویرے واک کا آغاز کریں گے اور نالہ کوچدہ/برگل کے مشہور صحت افزاء مقام ’’شکار گاہ ‘‘ جھیل کے کنارے کیمپ قائم کرکے رات بسر کی جائے گی جہاں بار بی کیو اور دیگر اشیاء سے شرکاء کی تواضع کا اہتمام کیا گیا ہے ،اگلی صبح واپسی ہوگی اور برگل پہنچ کر واک کا اختتام ہوگا۔واک کی رجسٹریشن سے ہونے والی آمدنی سیلاب متاثرین کے فنڈ میں جمع کرائی جائے گی ۔