خبریں
کمشنر گلگت ڈویژن اور ڈی آئی جی گوہر نفیس کا دورہ ہنزہ، محرم کے انتظامات کا جائزہ لیا
ہنزہ (ذوالفقار بیگ ) کمشنر گلگت عثمان احمد اور ڈی آئی جی گوہر نفیس کا ضلع ہنزہ کے مختلف امام بارگاہوں اور جلوس روٹس کادورہ، سیکورٹی صورت حال کا جائزہ۔ڈپٹی کمشنر ہنزہ کیپٹن ریٹائرڈ سید علی اصغر اور ایس پی نے محرم الحرام سیکورٹی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اقدامات تسلی بخش قرار۔ مجالس کے دوران ہنزہ بھر کے تمام امارباگاہوں کو بجلی مہیا کی جائے۔ کمشنر عثمان احمد۔کمشنر گلگت عثمان احمد اورڈی آئی جی گوہر نفیس کا ضلع ہنزہ کی مختلف امام بارگاہوں سمیت مسجد علی علی آباد کادورہ، جلوس کے حلوالے سے سیکورٹی صورت حال اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز کمشنر گلگت عثمان احمد اور ڈی آئی جی گوہر نفیس ،ڈپٹی کمشنر ہنزہ کیپٹن ریٹائرڈ سید علی اصغر اور ایس پی کے ہمراہ ضلع ہنزہ کی مختلف امام بارگاہوں کادورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی صورت حال کے ساتھ دیگر امور کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر عثمان احمد اور ڈی آئی جی گوہر نفیس نے مرکزی امام بارگارہ امامیہ کمپلیکس گنش کا دورہ کیا اور امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی ۔ منتظمین کی نمائندگی کرتے ہوئے سوشل ورکر افتخار حسین نے کہاکہ آپ لوگوں نے مقدس مہینے کی تقدس کا خیال رکھتے ہوئے یہاں تشریف لائیں اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جس کیلئے ہم آپ کے مشکور ہیں کہ آپ لوگ ہماری ضروریات پوچھنے کیلئے تشریف لائیں ۔ اللہ کا کرم ہے کہ ہنزہ ایک پر امن خطہ ہے یہاں پر بسنے والے تمام مکاتب فکر کے لوگ ایک دوسرے کے رشتہ دار ہیں یہاں پر مکمل طور پر ہم آہنگی ہے اگر خدانخواستہ کوئی چھوٹا ایشو پیدا بھی ہوتا ہے تو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کرکے مسئلے کا حل نکالتے ہیں یہاں کی رسومات کی مکمل پاسداری کرتے ہیں اُنہوں نے مزید کہاکہ پیغام کربلا کا مقصد بھی یہ ہے کہ علاقے میں امن اور بھائی چارگی کو فروغ ملیں محرم الحرام میں قیام امن ہم سب کیلئے لازمی ہیں ۔علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی اداروں کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ کمشنر عثمان احمد نے امام بارگاہ میں عمائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمام جلوسوں کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔اُنہوں نے مزید کہاکہ ہنزہ کے عوام پڑھے لکھے ہونے کیساتھ پر امن بھی ہے ۔ میں نے امامیہ کمپلیکس کا سیٹ اپ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ کمیونٹی نے اپنی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اتنا بڑا ادارہ بنایا ہیں ۔واضع رہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ ہنزہ کی جانب سے اُٹھائے گئے مختلف اقدامات کو ضلع ہنزہ کے سیاسی ، سماجی اور مذہبی حلقوں نے سراہا ہے اور اس مقدس ماہ کے پُر امن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔