گوجال:‌ موٹر سائیکل اور لینڈ کروزر میں‌ تصادم، ایچ بی ایل سوست برانچ کا 25 سالہ ملازم جان بحق

 ہنزہ ( اجلال حسین ) HBLسوست برانچ کے ملازم شاہد علی ولد سفر علی، عمر 25سال، موٹر سائیکل حادثے میں جان بحق ہوگئے ، پولیس کاروائی کے بعد آبائی گاوں خیبر گوجال میں سپرد خاک۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب معمول کے مطابق شاہد علی ولد سفر علی ساکن خبیر گوجال صبح تقریباً8:15بجے ڈیو ٹی کے لئے خیبر سے سوست جا رہا تھا۔ مرحوم حبیب بینک لمیٹیڈ (ایچ بی ایل) کے سوست برانچ میں بحیثیت آفس بوائے ملازم تھے۔ سامنے سے آنے والی گاڑی، SCOکی ملکیت لینڈ کروزرنمبرGLT8962، سے شاہد علی کی بائیک غلاپن کے مقام پر تیز رفتار کے ساتھ ٹکرا گئی۔

اطلاعات کے مطابق ایس سی او کی گاڑی سوست سے پھسو ایس کام ٹاور کی مرمت کے سلسلے میں ملازمین کو لے کر جارہی تھی۔ حادثے کے بعد شاہد علی شدید زخمی ہوگئے، اور ان کی موت واقع ہو گئی۔ لینڈ کروزر میں سوار ایس سی او کے ملازمین  نے ہنگامی طور پر مرحوم کو آغاخان ہیلتھ سنٹر سوست پہنچادیا، جہاں سوست پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال گلمت منتقل کردیا۔

پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ مرحوم کو ان کے آبائی گاوں خیبر میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments