بجلی کے ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف پرواک کے عوام کا روڈ بلاک کرکے احتجاج
اپر چترال (نمائندہ خصوصی) پرواک کے عوام نے علاقے میں ناروا اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ایک گھنٹہ تک مین چترال شندور روڈ کو بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کا کہنا تھا کہ ایک طرف سردی نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے تو دوسری جانب محکمہ پیڈو اور واپڈا کی کشمکش کی وجہ سے علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ مظاہرین نے ایم پی اے اور ایم این اے چترال ، ضلع ناظم ، پاکستان تحریک انصاف کی ضلعی قیادت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور 8 جنوری سے پہلے علاقے کا دورہ کرکے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے گھمبیر مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں 8 جنوری کو خواتین اور بچوں کولے کر مکمل روڈ بلاک کیا جائے گااور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ داری منتخب نمائندگان ،محکمہ پیڈو، واپڈا، ضلع انتظامیہ اور صوبائی و وفاقی حکومتوں پر عاید ہوگی ۔