خواتین کی خبریں

خواتین کی شمولیت کے بغیر پائیدارمعاشی اور معاشرتی ترقی ممکن نہیں، ڈپٹی کمشنر گلگت

گلگت ( کرن قاسم ) خواتین کی شمولیت کے بغیر پائیدارمعاشی اور معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔ خواتین کا روزمرہ کے مختلف امور میں شراکت داری خوش آئند رجحان ہے۔ خواتین کل آبادی کا نصف ہیں انہیں نظرانداز کرکے معاشرتی سطح پر کارگر حکمت عملی مرتب کرنا عصر حاضر کے تقاضوں کے اعتبار سے ہرگز قابل عمل نہیں ہوسکتی ۔ ان خیالات کا اظہار کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق ڈپٹی کمشنر گلگت نے نساء مارکیٹ گلگت میں یوم خواتین اور عیدنوروز کے حوالے سے منعقد ایک تقریب کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرتی ترقی کے عمل میں خواتین کا متحرک رول قومی تعمیر و ترقی کا ضامن ہے جس کی قدر کی جانی چاہئے ۔

تقریب کا اہتمام نساء مارکیٹ انتظامیہ نے کیا تھا۔

بطور مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر گلگت نے اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ نساء مارکیٹ کی جانب سے خواتین کو باعزت روزگار کی طرف بڑھنے کا موقع فراہم کرنا خوش آئند و قابل تعریف قدم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عورت کو سماجی تعمیر و ترقی کے عمل میں مناسب شمولیت دی جارہی ہے جس کے ذریعے زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی مناسب نمائندگی کو ممکن بنایا جارہا ہے۔ خواتین کے اندر معاشرتی چیلنجز کے مقابلےکیلئے مناسب ہمت افزائی کرنا مقصود ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے جائز مسائل کے فوری حل کیلئے ہمہ وقت ضلعی انتظامیہ کی خدمات سے استفادہ کرسکتی ہیں ۔

اس موقع پر نساء مارکیٹ گلگت کی منتظم نیلوفر عباسی نے کہا کہ خواتین کو صحت مند معاشرتی مقام اور ان کو مالی انحصاریت سے نکال کر رزق حلال کمانے اور اپنے خاندان کو سپورٹ کرنے کا موقع بخشنے کیلئے انہوں نے اس مارکیٹ کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ میرے والد محترم کا ویژن تھا۔ مجھے آج خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اس مارکیٹ میں دکانوں کی تعداد 29 سے بڑھ کر 52 ہوچکی ہے اور 200 خواتین روزگار کے ذریعے اپنی فیملی کو سپورٹ کر رہی ہیں ۔

تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما ثروت صباء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان کی خواتین علمی اور فکری استعداد کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔ انہیں مناسب ماحول فراہم کرکے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے جدوجہد میں شریک کرکے قومی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ خواتین مزید فعال اور جاندار انداز میں اپنے گھر ، کنبے اور ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار مزید احسن طریقے سے انجام دیتی رہیں گی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button