شگر: محکمہ برقیات کے خلاف حسن آباد بونپہ کے عوام کا احتجاج کااعلان
شگر(نامہ نگار) محکمہ برقیات شگر کے ناروا سلوک کے خلاف حسن آباد بونپہ کے عوام نے ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج کااعلان کردیا۔ حسن آباد کو محکمہ برقیات کے حکام نظر انداز کررہے ہیں۔اب ہم اپنا حق چھین کر لینگے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن آباد بونپہ شگر کے نوجوان رہنماء اصغر علی جگر اور دیگر کا کہنا تھا کہ محکمہ برقیات شگر کے حکام نے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی مہینوں سے بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے۔ گاؤں کیلئے فراہم کی جانے والی ٹرانسفرمر بار بار خراب ہورہے ہیں۔اور مرمت کے بعد چند گھنٹوں بعد ہی دوبارہ جواب دیتا ہے۔
سابق چیف سیکریٹری کے دورہ کے موقع پر ایمرجنسی بنیادوں پر بجلی فراہم کیا گیا جوکہ صرف ایک دن جاری رہا جس کے بعد سے عوام کو دوبارہ اندھیرے میں دھکیل دیا۔جبکہ گذشتہ دو ہفتوں سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بہانے عوام کو بجلی بند کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مجبورا احتجاج کا راستہ اپنارہے ہیں۔ ڈی سی آفس کے سامنے ہمارے مسئلہ حل ہونے تک بھرپوراحتجاج شروع کررہے ہیں جس میں تمام اہلیان حسن آباد شریک ہونگے۔