وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ، نیک پروین
گلگت(پ ر) پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی سابقہ سیکریٹری اطلاعات و سینئر رہنماء نیک پروین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی تاریخ کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرکے گلگت بلتستان کے 20لاکھ عوام کا دل جیت لیا ہے۔
انہوں نے جمعہ کے روز میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ہی وہ جماعت ہے جو نہ صرف گلگت بلتستان کے عوام کے درینہ مطالبات حل کرے گی بلکہ گلگت بلتستان کو ایک مستقل آئینی نظام دے گی۔ صوبائی حکومتی اہلکار اس میگا پیکج کو اپنے نام سے منصوب کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ان کی نااہلی اور کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے کیوں کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں یعنی جب ن لیگ کی وفاق میں حکومت تھی تو اس وقت گلگت بلتستان کو کچھ نہیں دیا اور وفاق میں ن لیگ کی حکومت سے عوامی پراجیکٹس کے نام پر فنڈز بٹور کے اپنے جیب بھرتے رہے اور عوام کو کچھ نہیں دے سکے۔
انہوں نے کہا عمران خان کا گلگت بلتستان کیلئے میگاپیکج کے اعلان اور اس پر عمل درآمد ہونے کے بعد جی بی میں ہر طرف خوش حالی آئے گی اور لوگوں کے مسائل ان کے گھر کے دہلیز پر حل ہوجائیں گے۔ پیکج میں 3سو خاندانوں کیلئے صحت کارڈ، صوبائی اسمبلی میں 5سے 7نشستوں میں اضافہ اور نوجوانوں کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی منظوری گلگت بلتستان کی تاریخ کی سب سے بڑی پیکج ہے جو آج تک کسی بھی وفاقی حکمران نے نہیں دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کے ہمارے قائد عمران خان کی 14اکتوبر کو سکردو میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا اور اس دن ازلی دشمن بھارت کو کھلے عام گلگت بلتستان سے پیغام دیا جائے گا کہ یہ دھرتی کا ہر بچہ بچہ پاکستان کیلئے مر مٹنے کو تیار ہے۔