گلگت بلتستان

قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تصنیف کردہ کتاب ”پاک چائنہ تعلقات 70 سالہ سفارتی تاریخ کا عکس” کی رونمائی

اسلام آباد(پ ر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی ”پاک چائنہ تعلقات 70 سالہ سفارتی تاریخ کا عکس” کے عنوان پر تصنیف کردہ کتاب کی شاندار رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی تصنیف کردہ کتاب کی رونمائی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان عزیز احمد جمالی، وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی،سیکرٹری واٹر اینڈ پاور ظفر وقار تاج،ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ضمیر عباس،یونیورسٹی کے سینئر انتظامی وتدریسی آفیسران، مختلف اداروں کے زمہ داران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔رونمائی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان عزیز احمد جمالی نے کہاکہ حکومتی اور تعلیمی اداروں کے مابین بہترین روابط سے ہی مثالی معاشرہ اور ترقی یافتہ ملک کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ ملکی تعمیروترقی اور فلاح وبہبود میں تعلیمی اداروں کا کرداراہمیت کا حامل ہے۔ خطے میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی تعمیروترقی سمیت اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے اچھا کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے پاک چائنہ تعلقات بہترین کتاب کی تصنیف کے ذریعے ستر سالہ تعلقات کااچھا نقشہ کھینچا ہے۔جس پر جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔اس کتاب کو پڑھ کر پاک چائنہ تعلقات کے بارے میں بہترین معلومات مل سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کی تعمیروترقی کے لیے اپنی طرف سے ہرممکن تعاون فراہم کرونگا۔تاکہ مل کر اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ کو ممکن بناسکیں۔اس سے قبل اپنے خطاب میں وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر عطا اللہ شاہ نے پاک چین تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور 70 سالہ سفارتی تاریخ کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کتاب کے مختلف ابواب کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ کتاب کا پہلا حصہ پاکستان چین دوستی کی تاریخ کا تفصیلی جائزہ پیش کرتا ہے۔ دوسرا حصہ چین کے اس معجزے کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے جو چین کو غربت زدہ کم آمدنی والے ملک سے متوسط آمدنی وا لے گروپ میں تبدیل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ تیسرا حصہ چین میں تعلیم اور تحقیق کی نمایاں خصوصیات پیش کرتا ہے جبکہ ہائی ٹیک ریسرچ اور ایجادات میں حالیہ پیش رفت کو اجاگر کرتا ہے۔ کتاب کا چوتھا اور آخری حصہ بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی منظر نامے میں چین اور پاکستان کے تعلقات کے مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ ا س سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ضمیر عباس و دیگر مقررین نے وائس چانسلرقراقر م انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی تصنیف کو تعلیم اور تحقیق سے وابستگی پر زبردست خراج تحسین پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ کتاب پاک چین تعلقات کے شعبوں میں تعاون اور تحقیق کی نئی راہیں کھولے گی۔یاد رہے کہ یہ کتاب چائنا سٹڈی سنٹر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے تحت پہلی اشاعت کے طور پر شائع ہوئی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button