کالمز
گاہکوچ شہر میں حفظان صحت کے مسائل
تحریر ۔ عبدل نظیر
حدیث نبوی ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے۔
یہ حدیث مبارکہ ہمیں غور و فکر کرنے کی بھر پور دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے گھر ، محلہ ، گاؤں، قصبہ اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے کیونکہ یہ ہر شہری اور بالخصوص مسلمانوں کا اولین فریضہ ہے کہ وہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں –
ویسے تو وادی غذر قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور قدرت نے اس علاقے کو کلی طور پر سرسبز و شاداب گہنوں سے سجایا ہے اور اس کی تزئین و آرائش میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے۔ شہیدوں کی اس وادی جنت نظیر کا حسن و جمال قابل دید ہے ۔ ملکی و غیرملکی سیاحوں کے لئے یہ وادی بے حد پر کشش ہے کیونکہ اس علاقے میں پہاڑوں کے درمیان ہر پڑاؤ پر حسین وادیوں کا سلسلہ ہے اور ساتھ ساتھ خوبصورت پہاڑوں کے بیچ سے صاف و شفاف اور نیلا دریا ان پرامن وادیوں کے بیچ سے گزر کر نظارے کو اور بھی حسین و جمیل بنا دیتا ہے۔ علاقے کی ہر وادی کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے۔
وادی غذر کا دارلخلافہ گاہکوچ شہر ہے -جو کہ چند سال قبل یہ ایک چھوٹا سا صاف ستھرا قصبہ ہوا کرتا تھا مگر گذشتہ چند سالوں میں اس کی آبادی میں بڑی تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہی ہے۔ شہر پھیلتے پھیلتے دریا کے کنارے سے پہاڑی کے عین دامن تک گھر تعمیر کرکے لوگ آباد ہوگئے ہیں اس وقت اتوار کے دن گاہکوچ بازار میں آپ کو ہر طرح کے افراد دکھائی دیتے ہیں۔ مارکیٹ میں کاروبار سے منسلک افراد کی ایک کثیر تعداد صوبہ سرحد سے تعلق رکھتے ہیں الغرض آبادی میں مسلسل اضافہ کی ایک وجہ ملک کے دیگر صوبوں سے لوگوں کا مستقبل بنیادوں پر ڈسڑکٹ غذر میں آکر آباد ہونا ہے-
شہر کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ساتھ میں کوڈا کرکٹ اور گندگی میں بہت اضافہ ہوا ہے جو شہر کی خوبصورتی کو بری طرح متاثرکر رہا ہے۔
گاہکوچ شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے ویسٹ منیجمنٹ غذر کا محکمہ پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں بنایا گیا ۔ یہ محکمہ حفیظ الرحمن صاحب کا علاقے کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔ اگرچہ ویسٹ منیجمنٹ صْلع غذر کے تمام اہل کار شہر گاہکوچ کو صاف ستھرا رکھنے میں دن رات محنت کرتے ہیں اور ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ چونکہ گاہکوچ شہر اور گردونواح کا ماحول کو بہتر بنانے میں ان کا کلیدی کردار ہے۔ ہم ویسٹ منیجمنٹ ضلع غذر کی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اور ساتھ ساتھ درجہ زیل اہم گزارشات محکمے کے زمہ دار حکام کی خدمت میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔
1- گندگی کے ڈھیر کو علاقے کا ایک خوبصورت گاؤں گورنجر کے سامنے ڈھیر کرنے سے نہ صرف وہاں کے پورے ماحول میں بدبو پھیل گئی ہے بلکہ أج کل خاص کر گرمی کے دنوں میں سڑک پر سفر کےدوران گاؤں گرونجر کی پل سے کانچ موڈ تک پورے ماحول میں کچرے کی بدبو پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مسا فروں کو سانس لینا دشوار ہوتا ہے اور ساتھ ساتھ سیاحوں پر بہت منفی تاثرات مرتب کرتی ہے لہذا کچرا کو جدید سائنسی طریقوں سے تلف کرنے یا کسی متبادل جگہ منتقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وادی غذر کے عوام اور سیاحوں کی صحت پر بدبو کا منفی اثرات مرتب نہ ہو-
2.سڑک کے کناروں پہ پھیلے پلاسٹک کے شاپرز ، کاغذ اور قسم قسم کے چھوٹے بڑے ڈبے خصوصاً” جوس اور ملک پیک کے معصوم ڈبوں کے انکھوں سے بچے کھچے نکلتے أنسوں ان کے دکھ درد کی دردناک کہانیاں سناتے ہیں اور اپ کی توجہ کے منتظر ہیں ۔
3. تیز ہواؤں کی صورت میں کچرے کے ڈمپ سے بچھڑے ہلکے پھلکے کچرے کےٹکڑے گاؤں گرونجر کی گلیوں میں ٹھوکریں کھاۓ پھرتے ہیں اور کچھ تو فضا میں تیرتے ہوئے لوگوں کے چھتوں اور صحن میں جا کر موج مستیاں کرکے معصوم لوگوں کو خوب ستاتے ہیں۔ جس سے لوگوں کا نہ صرف سکون برباد ہوا ہے بالکہ موزی امراض پھیلنے کے خدشات موجود ہیں –
4 – قیاس ہے کہ کچرے کے یہ آوارہ ٹکڑے چند دنوں میں أوارا گردی کرتے کرتے اپ کے پیچھے پیچھے واپس گاہکوچ شہر میں داخل ہونگے۔ لہذا قبل اس کے کہ ماحول کو متاثر بری طرح متاثر ہو، بروقت اس اہم مسئلہ کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
المختصر۔ دی ویسٹ منیجمنٹ گاہکوچ کے تمام ملازمین سے گزارش ہے کہ آپ کی یہ خدمات عظیم ہیں جس کی وجہ سے ہمیں صاف ماحول میسر ہے۔ جاپان میں أپ کو ہائجین انجینیرز کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ امید ہے أپ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کر بروقت کچرے کے اس ڈھیر کو یا تو اچھی طرح تلف کر ینگے یا کوئی متبادل طریقہ کار پر عمل درآمد کر کے علاقے کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور ماحول کو صاف وشفاف بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے اس لیے گورنجر گاؤں کے سامنے یہ کچرا پھینکنے پر پابندی عائد کر دی جاۓ یا کسی ایسی جگہ اس کچرے کو منتقل کیا جائے جو آبادی سے دور ہو- تاکہ وادی غذر کی خوبصورتی کو کچرے کے اس ناقابل برداشت بدبو سے بچایا جاسکے.