عوامی مسائل
وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس میںسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تنخواہوںکےلئے 9 کروڑ کی منظوری
گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے پی سی ون ریویژن کے ذریعے اضافی 9 کروڑ 61 لاکھ 6 ہزار کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ تعمیرات کے 1 ارب 60 کروڑ 16 لاکھ 49 ہزار روپے لاگت کے منصوبوں کی منظوری دی گئی، جس میں ریڈیو پاکستان چوک تا ایس سی او میس سکردو بائی پاس روڈ کو پیور مشین کے ذریعے بنانے کیلئے 68 کروڑ 27 لاکھ 91 ہزار روپے لاگت کی منظوری دی گئی، آر سی سی پل گوپس تا پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس یاسین روڈ کی توسیع و میٹلنگ جس کی لاگت 49 کروڑ 92 لاکھ70ہزار کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں اوشکھنداس تا جلال آباد متبادل شاہراہ کی توسیع و میٹلنگ منصوبہ جس کی لاگت 41کروڑ 95 لاکھ 22ہزارکی بھی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکردو کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، سکردو شہر میں جدید سڑکیں تعمیر کروارہے ہیں، سکردو بائی پاس کی تعمیر سے شہر میں آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ حکومت روڈ انفراسٹرکچرکو جدید خطوط پر بنانے کیلئے روایتی طریقوں کے بجائے پیور مشین کے ذریعے رو ڈ میٹل کررہی ہے، آئندہ سے پی سی I کی تیاری اور متعلقہ فورم سے منظوری کے بغیر کسی بھی منصوبے کو اے ڈی پی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہاکہ اوشکھنداس تا جلال آباد متبادل روڈ کی توسیع اور میٹلنگ کے منصوبے سے عوام کو بہتر نقل و حمل کے ذرائع میسر آئیں گے، معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس سے عوام کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ وادی یاسین کے منظور مین روڈ کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس منصوبے سے عوام کی معیار زندگی بہتری آئے گی، سیاحت کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہاکہ ان منصوبوں کی معیار اور رفتار کو یقینی بنائیں۔