سیاحت

وزیراعظم شہباز شریف کی آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کو سیاحت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کو سیاحت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کاپاکستان میں تعلیم، صحت، توانائی، زراعت، سیاحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے منصوبوں کا قیام قابل تحسین ہے، ہنزہ میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے زیر اہتمام سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک اور شمسی توانائی کے پلانٹس کا قیام انتہائی قابل ستائش ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن شہزادہ رحیم آغا خان نے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کو حکومت پاکستان کی طرف سے نشان پاکستان ملنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے پاکستان کے کم ترقی یافتہ اور دور دراز علاقوں بالخصوص گلگت بلتستان اور چترال میں سماجی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبے قائم کرنے پر پرنس رحیم آغا خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کا پاکستان میں تعلیم، صحت، توانائی، زراعت، سیاحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے منصوبوں کا قیام قابل تحسین ہے۔

وزیراعظم نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کو سیاحت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ ہنزہ میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے زیر اہتمام سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک اور شمسی توانائی کے پلانٹس کا قیام انتہائی قابل ستائش ہے۔ وزیراعظم نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے زیر اہتمام گلگت میں حبیب بینک لمیٹڈ کے مائیکرو فنانس بینکنگ مرکز کے قیام کو علاقے کی عوام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔وزیراعظم نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کو قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کی دعوت دی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button