کالمز

عصمت اللہ مشفق: ایک علمی و ادبی شخصیت

ہنزہ گوجال کے معروف شاعر اور عالم دین عصمت اللہ مشفق کی موت کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔ مشفق مرحوم کا تعلق ضلع ہنزہ کے سب ڈویژن گوجال کی وادی چپورسن کے موضع شہر سبز سے تھا اور وہ  نسلی اور لسانی دونوں اعتبار سے وخی تھے۔ وہ اپنے آبائی گاؤں شہر سبز میں 1933ء میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم گوجال اور ہنزہ میں حاصل کی۔ انہوں نے 1946ء میں  رمنجی (خیر آباد) کے ڈی۔ جے پرائمری اسکول میں بحیثیت ٹیچر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ مختلف اسکولوں میں عشروں تک درس و تدریس کا فریضہ انجام دیتے رہے۔
      مشفق مرحوم وخی کے علاوہ بروشسکی، اردو اور فارسی بھی خوب جانتے تھے۔ فارسی زبان پر تو انہیں دستگاہ حاصل تھی۔ نیز وہ قرآن، احادیث رسول صلعم،  اسماعیلی تاریخ و عقائد سے بھی واقف تھے۔ سیدنا ناصر خسرو کی کتب، جیسے ‘وجہ دین’ اور ‘دیوان اشعار ‘ کے علاوہ مولانا جلال الدین رومی کی ‘مثنوی معنوی’ اور ‘دیوان شمس تبریز’ اور حافظ شیرازی کا ‘ دیوان ‘ وغیرہ بھی موصوف کے زیر مطالعہ تھے۔ وہ بجا طور پر ایک عالم دین تھے۔ نیز وہ شاعر بھی تھے۔ بلکہ اس علاقہ شمال میں وخی زبان کے پہلے صاحب دیوان شاعر تھے۔ انہوں نے فارسی میں بھی لاتعداد اشعار لکھے ہیں۔ ان کی شاعری دینی شاعری ہے اور خاص طور پر رسول صلعم، اہل بیت رسول اور اسماعیلی اماموں کی شان میں مدحت و  منقبت ان کی شاعری کا محور و مرکز ہے۔ انھوں نے نثر میں بھی طبع آزمائی کی ہے اور وہ چپورسن اور گوجال کی تاریخ پر کتاب لکھ رہے تھے۔ لیکن اب مجھے نہیں معلوم کہ یہ کتاب اب چھپ چکی ہے یا نہیں۔
       تاہم، سب سے اہم بات یہ ہے کہ عصمت اللہ مشفق مرحوم و مغفور ایک مخلص، منکسر المزاج، شریف النفس، دیندار اور مہمان نواز انسان تھے۔ سچ بات تو یہ ہے کہ ان کی موت کے ساتھ روایتی دینی، علمی اور ادبی سلسلہ پایہ اختتام کو پہنچا۔ بہر حال، مشفق مرحوم اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں اور ذاتی عمدہ خصلتوں کی بدولت عرصہ دراز تک یاد رہیں گے۔
      ہرگز نمیرد آنکہ دلش زندہ شد بہ عشق
      ثبت  است  بر  جریدہ  عالم  دوام  ما

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button