شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم کی تخت نشینی کی تقریب
![](https://i0.wp.com/urdu.pamirtimes.net/wp-content/uploads/2025/02/476975014_1165882894892951_7201206953903163627_n.jpg?resize=780%2C470&ssl=1)
لزبن، پرتگال – ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان پنجم نے آج 11 فروری 2025 کو اپنی تخت نشینی کی تقریب میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی یہ تقریب پرتگال کے شہر لزبن میں اسماعیلی امامت کے دیوان میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر، اسماعیلی قیادت نے عالمی کمیونٹی کی جانب سے 50 ویں موروثی امام کے لیے روحانی بیعت پیش کی۔ دنیا بھر کے 35 سے زائد ممالک میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد نے جماعت خانوں میں اس تقریب کو براہ راست دیکھا۔
اپنے خطاب میں آغا خان پنجم نے اپنے والد، مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم، کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنے اہل خانہ کی موجودگی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پرتگال اور مصر کی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے والد کی خدمات کو تسلیم کیا اوران کی آخری رسومات اور تدفین کے باوقار انتظامات میں سہولت فراہم کی۔
یہ پہلا موقع تھا جب آغا خان پنجم نے بین الاقوامی اسماعیلی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے اسماعیلی جماعت کی روحانی اور مادی فلاح و بہبود کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کا عہد کیا۔
انہوں نے اسماعیلی مسلم عقیدے کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، روحانی و دنیاوی معاملات میں توازن اور عقیدے پر باقاعدہ عمل کی اہمیت پر زور دیا ۔ ان کے پیغام کا بنیادی محور، امن، رواداری، شمولیت، اور ضرورت مندوں کی حمایت جیسی عالمی اقدار تھیں ۔ انہوں نے اسماعیلی کمیونٹی کو تاکید کی کہ وہ نہ صرف ان ممالک کے وفادار اور متحرک شہری بنیں جہاں وہ رہتے ہیں، بلکہ موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسائل میں بھی اپنے عمل سے ایک مثال قائم کریں۔
کئی دہائیوں سے آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے کا م سےگہری وابستگی رکھنے والے پرنس رحیم آغا خان نے مستقبل میں تسلسل اور ترقی کے توازن کو ایک نپی تلی رفتار پر برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو فروغ دینے اور اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امن، استحکام، اور مواقع کے لیے کام کرنے کے عہد کا اعادہ کیا۔