جرائمخصوصی خبرچترال

ثنا یوسف کا جنونی قاتل فیصل آباد سے گرفتار

اسلام آباد پولیس نے سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کے قتل کے محض بیس گھنٹے کے اندر 22 سالہ عمر حیات کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے اعلیٰ حکام نے ایک پریس کانفرنس میں واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزم عمر حیات، جو فیصل آباد کا رہائشی ہے، ثنا یوسف سے دوستی کا خواہش مند تھا۔ تاہم، بارہا انکار کے بعد اس نے طیش میں آ کر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا، اور واردات کے بعد خود فیصل آباد فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق، جدید تفتیشی ذرائع جیسے سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا گیا۔ گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے مقتولہ کا آئی فون بھی برآمد ہوا، جسے اس نے قتل کے بعد چرا لیا تھا۔

ثنا یوسف کی میت کو ان کے آبائی علاقے، اپر چترال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔

یہ مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے سات خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تیز رفتار کارروائی کے ذریعے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ثنا یوسف ایک پری میڈیکل طالبہ تھیں اور سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں۔ وہ مزاحیہ ویڈیوز تیار کر کے ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر شیئر کرتی تھیں، جہاں لاکھوں لوگ ان کے مواد کو سراہتے تھے۔

اس بہیمانہ قتل پر سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ صارفین معاشرے میں موجود پدرشاہی جنونیت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ملزم کو مثالی سزا دی جائے اور انصاف کی راہ میں کسی بھی قسم کے دباؤ کو برداشت نہ کیا جائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button