خبریںچترال

تریچ میر سر کرنے والی ٹیم کا پریس کلب اپر چترال میں شاندار استقبال

رپورٹ: کریم اللہ

سلسلہ کوہ ہندوکش کی بلند ترین چوٹی تریچ میر کو حال ہی میں سر کرنے والی ٹیم کا بونی پہنچنے پر پریس کلب اپر چترال میں پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

ٹیم کے اعزاز میں ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پریس کلب کے اراکین کے علاوہ اسماعیلی کونسل اپر چترال کے صدر امتیاز عالم، تاجر یونین بونی کے صدر محمد رحیم خان، بار کونسل اپر چترال کے صدر محمد نواز ایڈووکیٹ سمیت بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوہ پیما گروپ کے سربراہ اور ڈائریکٹر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی عمر خان نے ساتھی مہم جوؤں کا تعارف کراتے ہوئے مہم کی روداد بیان کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد چترال میں کوہ پیمائی اور ایڈونچر ٹورازم کے بے پناہ مواقع کو اجاگر کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف غیر ملکی کوہ پیماؤں کو خطے کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ایڈونچر ٹورازم کے فروغ سے مقامی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اس موقع پر نامور کوہ پیما سرباز خان اور عابد بیگ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تریچ میر سر کرنا ان کی زندگی کا ایک یادگار لمحہ ہے، کیونکہ یہ دنیا کی مشکل ترین چوٹیوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی خطے میں سیاحت اور ایڈونچر کلچر کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ یہ مہم خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے ہندوکش ایکسپلوررز کے اشتراک سے منعقد کی تھی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button