گلگت بلتستان
شہید بھٹو کے احسانات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا: گورنر گلگت بلتستان
گلگت( مون شیرین) گورنر گلگت بلتستان سید پیر کرم علی شاہ نے صوبائی دارلحکومت گلگت میں قا ئد عوام ذولفقار علی بھٹو کی35ویں برسی کی تقریب سے خطاب
کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے ذولفقار علی بھٹو شہید کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جو قوم اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی۔زولفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، گلگت بلتستان کے عوام کو گندم پر سبسڈی دی ، خطے کے عوام کو غلامی کے طوق سے نجات دلائی اور FCR جیسے کالے قانون کا خاتمہ کیا۔ آج اگر ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں تو وہ بھٹو شہید کی بدولت ہے۔ بھٹو کے دیگر اہم کارناموں میں سے ایک شاہراہ قراقرم کی تعمیر بھی ہے اور اسکی کی وجہ سے ہی ممکن ہو سکا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام کا رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے ہو سکا اور یہاں کی عوام پر علم اور معیشت کے دروازے کھل گئے۔ گورنر گلگت بلتستان آج پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے دیگر قائدین کے ساتھ برسی کی تقریب میں شریک تھے جس میں پارٹی کارکنان کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے قائد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام اغیار کی سازشوں کا شکار ہر گز نہ بنے اور آپس میں اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھے۔ گلگت بلتستان میں رہنے والے تمام مسالک کے افراد ایک ہی درخت کی مختلف شاخیں ہیں اور انکا کام ایک دوسرے کو مضبوط بنانا ہے۔ خطے میں کسی بھی قسم کا مذہبی انتشار نہیں ہے اور تمام مسالک اسلام کے امن اور سلامتی کے درس کو سامنے رکھ کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں جو کہ ایک نہایت ہی خوش آئند امر ہے۔اور اگر ہم ان بنیادی اصولوں کی پاسداری کریں اور اتفاق سے رہیں تو کوئی بھی طاقت ہمیں زیر نہیں کرسکتی۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوے صوبائی وزیر اطلاعات ومشیر سیاحت و ثقافت سعدیہ دانش نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک ادنا جیالا بھی جمہوریت کی بقا اور ملکی استحکام کے لیئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریگا۔ PPPقربانی دینے والی جماعت ہے اور ملک و قوم کی خاطر اس نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیںؤ۔ وہ آج گلگت میں شہید ذولفقار علی بھٹو کی 35ویں برسی کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ ، مشیر جنگلات آفتاب حیدر ایڈوکیٹ ، ممبر GBکونسل امجد حسین ا یڈوکیٹ اور دیگر پارٹی رہنماوں سمیت کارکنان کی ایک کثیر تعداد شریک تھی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات گلگت بلتستان نے کہا کہ شہید ذولفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنا کر ہمیں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کے قابل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہی پارٹی نے گلگت بلتستان میں خواتین کو معاشرے میں آگے لانے کے لیئے اقدامات کیئے جس میں وومین بنک کا قیام، وومن پولیس سٹیشنز کا آغاز اور خواتین کی ترقی کے لیئے محکمے بنائے۔ PPPکے دور حکومت میں مزدور طبقہ مستفید ہوا ، انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید نے استحصال کا شکار مظلوم طبقے کوآواز دی اور اپنا حق مانگنے کا ادراک دیا۔ بھٹو ازم سے محبت صدیوں یاد رکھی جائے گی اور شہید عوام کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ تقریب سے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئر مین سید رضی الدین رضوی اور آفتاب حیدر ایڈوکیٹ اور ممبر GBکونسل امجد حسین ایڈوکیٹ اور دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا اور شہید ذولفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا۔