گلگت بلتستان
تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے ایف بی آر چیرمین سے جلد ملاقات کرونگا: وزیر اعلی
گلگت (پریس ریلیز) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ بہت جلد چیمبر آف کامرس گلگت بلتستان کے وفد کے ساتھ چیئرمین FBRسے ملاقات کرکے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کو یقینی بنائینگے۔ چیئرمین FBRکو چیمبر کے مسائل سے آگاہ کیا ہے گلگت بلتستان کے تاجروں کو دیگر پورٹس پر میسر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے چیئر مین FBRسے ملاقات میں بات کرونگا ۔گلگت بلتستان کے تاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک زیادتی ہے کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں تجارت کی اہمیت ریڑھ کی ہڑی کی مانند ہے ۔تاجروں کے مسائل حل نہ ہونے سے پاک چین تجارت بری طرح متاثر ہے لہذا چیئر مین FBRکو ٹیلی فون پر بھی مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سکریٹری گلگت بلتستان سکندر سلطان راجہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں FBRسے متعلقہ آفسران اور چیئرمین سے مل کر تفصیلی طور پر تاجروں کے مسائل سے آگاہ کریں اور تاجروں کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پاک چائنہ تجارت سے گلگت بلتستان کے تاجر وابسطہ ہیں جو ٹیکس دے کر پاکستان کے محصولات میں اضافہ کر رہے ہیں۔اسلام آ باد کے متوقع دورے پر چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد کو اپنے ساتھ لے کر جاونگا ۔ گلگت بلتستان کے تاجروں کو پاکستان کے دیگر تاجروں سے زیادہ مراعات ملنے چاہیے۔ سانحہ عطا آباد کی وجہ سے پاک چائنہ تجارت سے وابسطہ تاجروں کو مسائل کا سامنا ہے لہذا چیئرمین FBR سے مل کر تاجروں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے اور تاجروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے پر بات ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہد ی شاہ نے وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ میں چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خود انحصاری کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی وسائل میں اضافہ کیلئے اقدامات کرر ہی ہے۔ صوبائی حکومت مالی وسائل میں اضافے کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے مربوط حکمت عملی مرتب کریگی۔ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے نوزائیدہ صوبے میں تجارت کو فروغ دینے کے لیے تاجروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تاجردوست پالیسیاں متعارف کرارہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام آپس میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں اگر صوبے میں امن ہوگا تو گلگت بلتستان کی ترقی کے رفتار میں بہتری آسکتی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاسی نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تمام وفاقی سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کریں۔ میڈیا میں حقائق کے منافی بیانات اور دوسروں کی کردار کشی سے عوام کی ہمددری اور عوامی حمایت حاصل نہیں کی جاسکتی۔گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں تنقید برائے تنقید سے عوام کی رائے تبدیل نہیں کی جاسکتی عوام سمجھتے ہیں کہ علاقے کی تعمیر وترقی اور صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے اور گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں لانے کیلئے صرف پاکستان پیپلز پارٹی نے عملی اقدامات کیے ہیں۔میڈیا میں دوسروں پر بے جا تنقید کرنے والے صرف اخبارات کے ذریعے عوام میں خود کوزندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اوراجتماعی مفادات کے لیے ہمیں وسیع زھن اور سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے چیمبر آف کامرس نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت چیمبر آف کامرس کے مسائل کو فوری طور حل کرنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیگی ۔ صوبائی حکومت FBR حکام سے رابطے میں ہے۔ چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد نے گلگت بلتستان کے تاجروں کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لینے پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے تجارت کے فروغ کے لیے ہمیشہ تاجروں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور تاجروں کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے کر مثبت کردار ادا کیا ہے۔