قراقرم بنک نے شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے امدای چیک ہلال احمر کے حوالے کردیا
گلگت(پ ر) شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے جاری اپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی ہلال احمرجانب سے خصوصی فنڈ ریزنگ مہم جاری و ساری ہے اور مخیر حضرات اس مہم میں دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔پیر کے روز اس فنڈ ریزنگ مہم کے دوران قراقرم کو اپریٹیو بنک گلگت بلتستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شیر جہان میر کی خصوصی ہدایت پر ادارے کے ڈپٹی جنرل منیجر ولایت خان نے قراقرم کو اپریٹیو بنک کی جانب سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے نام امدای رقوم کی چیک ہلال احمر گلگت بلتستان برانچ کے زمہ داران کے حوالے کردیا ۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین شمالی وزیرستان کی امداد کے لئے ہلال احمر کی جانب سے فنڈ ریزنگ مہم کو سراہتے ہوئے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم کے دوران ہلال احمر کو دل کھول کر عطیات دیں تاکہ ان کی امداد سے ان متاثرین کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔فنڈ ریزنگ مہم کے دوران گلگت شہر کے کاروباری و سماجی شخصیات نے بھی متاثرین شمالی وزیرستان کے نام اپنے عطیات ہلال احمر کے رضاکاروں اور سٹاف ممبران کے حوالے کردیئے۔ہلال احمر گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری محترمہ نورالعین نے عوام، کاروباری حضرات، سماجی و سیاسی شخصیات، سرکاری وغیر سرکاری اداروں کے سربراہان اور علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی ہلال احمر کی جانب سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے جاری فنڈ ریزنگ مہم میں دل کھول کا عطیات دیں اور دوسروں کو بھی اس مہم میں اپنا حصہ ڈالنے کی تلقین کریں۔تاکہ ان متاثرین کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔