محکمہ برقیات کی نا اہلی، دوبچے کرنٹ لگنے سے زخمی، برقی آلات جل اٹھے
غذر( کریم رانجھا) ؔ محکمہ برقیات کی نااہلی،گاؤں گشگش کے باسیوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا،کرنٹ لگنے سے ایک بچی اور 14سالہ لڑکا زخمی،ریفرییجریٹر ودیگر برقی آلات جل گئے ،اہالیان علاقہ نے محکمہ برقیات کے ذمہ داران کے خلاف چٹورکھنڈ تھانے میں درخواست جمع کرادی ،ڈپٹی کمشنر سے معاملے کی انکوائری کرانے کا مطالبہ۔واقعات کے مطابق دس روز قبل اشکومن کے گاؤں گشگش کے ٹرانسفارمر میں خرابی کے باعث دوسرا ٹرانسفارمر لگایا گیا تھا ،ذرائع کے مطابق محکمہ برقیات کے لائن مین نے ٹرانسفارمر تبدیل کیا تھا اور جب بجلی چالو کیا گیا تو علاقے کے تمام گھروں میں موجود بلب ودیگر برقی آلات جل گئے بعد ازاں دوسرے لائن مین نے مرمت کے بعد بجلی بحال کی تھی۔گزشتہ شام کو اچانک گاؤں گشگش میں موجود 14گھرانوں میں دوبارہ کرنٹ پھیل گیا اور اس کے نتیجے میں 16سال کی بچی مسمات نازنین دختر شرافت شاہ اور چودہ سالہ اظہر کمال ولد سرور کمال زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال چٹورکھنڈ لایا گیا جہاں سے زخمی بچی کو سینگل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا جہا ں انتہائی نگہداشت میں علاج کیا جارہا ہے جبکہ زخمی بچے کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔واقعے کے فوراً بعد عوام علاقہ نے محکمہ برقیات کے سب انجئنئیر اور ایکسئین کے خلاف تھانہ چٹورکھنڈ میں تحریری درخواست گزاری ،
لیکن تا حال کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔عوام علاقہ نے ڈپٹی کمشنر غذر سے مطالبہ کیا ہے اس معاملے کی انکوائری کرکے محکمہ برقیات کے نااہل ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لایا جائے۔