خبیب فاؤنڈیشن نے مستحق خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا
گلگت(پ ر) خبیب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 85بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع،گلگت،غذر،چلاس،جگلوٹ سمیت مختلف علاقوں میں مستحق افراد میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔خبیب فاؤنڈیشن کے زیر تحت ہونے والے قربانی کیلئے آئی ایچ ایچ اور آئی ڈی ایچ ایف نے بھرپور تعاؤن کیا۔خبیب فاؤنڈیشن نے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی عید قربان کے مسرت موقع پر گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں مستحق افراد میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبیب فاؤنڈیشن کے ڈپٹی کوآرڈنیٹر میر بہادر نے کہا کہ سنت ابراہیمی تمام مسلمانوں کے لئے قربانی کا درس دیتی ہے اور خبیب فاؤنڈیشن کی یہ روایت رہی ہے کہ اس موقع پر معاشرے کے نادار اور غریب افراد کو اس مذہبی تہوار میں شامل کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور ہر سال بڑی تعداد میں جانوروں کی قربانی کرکے گوشت غریبوں میں تقسیم کیا جا تا ہے اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خبیب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام روان سال عید قربان کے موقع پر 85بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی اور گوشت کو غریبوں اور مستحق افراد میں تقسیم کرکے معاشرے کے ضرورت مند افراد کو خوشی کے اس موقع پر محرومیوں کے بچانے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے بڑی تعداد میں جانوروں کی قربانی میں گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع کے غریبوں کو شامل کرنے پر خبین فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین ندیم احمد خان کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس حوالے تعاون کرنے پرآئی ایچ ایچ اور آئی ڈی اڈی ای ایف کا بھی شکریہ اداکیا۔