گلگت بلتستان
الخدمت فاونڈیشن نے دیامر کے گاوں بلنگہ تھور میں مائیکرو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کا آغازکردیا
دیامر (پریس ریلیز) الخدمت فاونڈیشن نے ضلع دیامر کے مضافاتی اور بجلی کی سہولت سے محروم علاقے بلنگہ تھور میں مائیکرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ، اس پراجیکٹ کے تحت بلنگہ کے 70 گھرانوں کیلئے بجلی مہیا کی جائیگی ، صدر الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان عطاء اللہ کی ہدایت پر الخدمت فاونڈیشن جی بی کی ٹیم تھور پہنچی اس موقع پر پروگرام منیجر الخدمت فاونڈیشن محمد طاہر رانا نے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان میں اپنے پروجیکٹس کے ذریعے لوگوں کو مفت سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، جدید دور میں بھی بجلی جیسی نعمت سے محروم عوام کو بہت جلد مائیکرو پاور پراجیکٹ کے ذریعے بجلی مہیا کی جائیگی، اس موقع پر اپنے خطاب میں بلنگہ تھور کے رہنما مولانا سیف اللہ نے کہا کہ ہم الخدمت فاونڈیشن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اتنے دور آکر ہمیں یہ پروجیکٹ دیا ہے ، ہم ادارے کے ساتھ اس پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے ، انہوں نے مذید کہا کہ حکومت کی طرف سے ابھی تک ہمیں بجلی فراہم نہیں کی ، جس کی وجہ سے ہم جدید دور میں بھی روشنی کی نعمت سے محروم اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، اس ضرورت کو پورا کر کے الخدمت فاونڈیشن نے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں ، الخدمت فاونڈیشن جی بی کے زمہ داران نے افتتاحی تقریب کے فورا بعد پروجیکٹ کا کام شروع کروا دیا ہے جو ایک ماہ میں مکمل ہوگا ۔