سیاست

جماعت اسلامی چترال کے نو منتخب امیر نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

OLYMPUS DIGITAL CAMERA

چترال(بشیر حسین آزاد) جماعت اسلامی ضلع چترال کے نومنتخب امیر حاجی مغفرت شاہ نے امارت کا حلف اٹھالیا ۔ بدھ کے روز جماعت کی ضلعی دفتر میں منعقدہ تقریب میں سبکدوش ہونے والے ضلعی امیر مولانا غلام محمد نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مغفرت شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت کو نہ صرف تنظیمی طور پر مستحکم بنایا جائے گابلکہ اسے عوامی حقوق کے تحفظ اور گھمبیر مسائل کو حل کرنے میں بھی ایک موثر پلیٹ فارم کے طو ر پر استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی امتیازی اوصاف بیان کرتے ہوئے کہاکہ اقامت دین کے لئے ایک جامع اور مکمل تحریک ہے جس میں دین و دنیا کا ایک حسین امتزاج موجود ہے جس کے کارکنان اور رہنماؤں میں ہر صلاحیت کے لوگ دستیاب ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نے عالمی سطح پر مسلمانان عالم کے لئے مرکز و محور کی حیثیت اختیار کرلی ہے۔

اس سے قبل سابق امرائے اضلاع مولانا غلام محمد، مولانا شیر عزیز اور عبداللہ جان کے علاوہ ڈسٹرکٹ کونسل کے سابق چیئرمین اور جماعت کے بزرگ رہنما الحاج خورشید علی خان اور اسلامی تنظیم وکلاء کے صدر نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے کہاکہ جماعت ایک حقیقی اسلامی جمہوری سیاسی پارٹی ہے جس کا منتہائے مقصود رضائے الٰہی کا حصول ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے کوشان ہے تاکہ مسند اقتدار پرفساق و فجارکی جگہ نیک اور صالح افراد بیٹھ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ اس جماعت میں نئی دور کے چیلنجوں سے عہدہ براہونے کی پوری پوری صلاحیت موجود ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں ایک مکمل توازن برقرار رکھتے ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ارکان پر زور دیاکہ وہ اس جماعت کو ضلع میں مقبول ترین پارٹی بنانے میں حاجی مغفرت شاہ کی ولولہ انگیز قیادت میں دن رات ایک کریں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button