گلگت بلتستان حکومت نے جسمانی معذور افراد کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ہے، مقررین
شگر(عابد شگری) معذور وہ نہیں جوجسمانی اعضاء سے محروم ہو بلکہ وہ افرادان کی صلاحیتوں کو سمجھنے سے قاصر ہو وہی اصل معذور ہیں۔ معذور افرادہمارے معاشرے کا ایک اہم رکن اور معزز شہری ہے۔جسمانی اعضاء سے محروم لوگوں نے ایسے ایسے کارنامے انجام دئے ہیں جو عام افراد کی سوچ سے بھی بالاتر ہے۔ ان خیالات کا اظہارشگرمیں معذوروں کی عالمی دن کے حوالے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سیکریٹری ہیلتھ حسن خان اماچہ،کوارڈینٹر چپ سکردومحمد باقر حاجی،تہذیب الحسن ،ڈاکٹر خادم حسین اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے چپ،وحدت فاؤنڈیشن،اماچہ فاؤنڈیشن اور کے سی پی ڈی او کے مشترکہ زیر اہتمام ڈیجیٹل لائبریری شگر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں معذور افراد اور معززین نے شرکت کی۔
تقریب میں معذور افراد نے حکومتی اور سرکاری پالیسیوں پر شدید تنقید کی جس میں ان کیلئے مخصوص کوٹے پر انہیں محروم رکھا جارہا ہے۔ معذور افراد نے مطالبہ کیا کہ حکومت معذور افراد کیلئے مخصوص کوٹہ پر مخصوص افراد کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔مقررین نے معذور افراد کیلئے جدوجہد کرنے اور ان کو ان کے جائز مقام دلانے کیلئے چپ اور دیگر سی بی اوز کی کردار کو زبردست الفاظ میں تعریف کی۔اور امید ظاہر کی کہ معذور افراد کو پوری طرح بحالی تک یہ ادارے سول سوسائٹی کیساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔اس سے پہلے چپ کے عہدیداروں نے بلتستان کے مختلف علاقوں میں ان کی جانب سے معذور افراد کی بحالی کیلئے کی جانی والی کاموں کے بارے میں تفصیل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔