گلگت بلتستان

گلگت بلتستان ڈپارٹمنٹل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، اہم منصوبے منظور کیئےگئے

CS
گلگت(پ ر) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سلطان سکندر راجہ کی زیر صدارت گلگت بلتستان ڈپارٹمنٹل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سمیت محکمہ داخلہ کے دیگر اہم منصوبے منظور کیئے گئے۔ چیف سیکریٹری نے سیکریٹری تعمیرات کو ہدایت کی کہ زولفقار آباد تا یونیورسٹی RCC پل منصوبے پر نظر ثانی کی گئی اور 162.967ملین روپوں کی منظوری دی گئی تاکہ کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جاسکے انہوں نے مزید کہا کہ پل کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور جلد از جلد ٹھیکیدار سے کام مکمل کرایاجائے بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔صوبے میں نئے منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے سربراہاں اور افسران نے چیف سیکریٹری کوآگاہ کیا۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے زکوٰۃ و عشر کمپلیکس گلگت اور دیگر اضلاع میں ذیلی دفاتر کے قیام کے حوالے سے غورخوض کے بعد چیف سیکرٹیری گلگت بلتستان نے متعلقہ سیکرٹیری کو ان دفاتر کے قیام کے حوالے سے سات دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ مزید براں ڈسٹرکٹ ایکسائز آفس اور تمام اضلاع میں ایکسائز پولیس سٹیشنز کے قیام سے متعلق بھی بتایا گیا ۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری کو ہنزہ نگر میں پولیس افسران کے لیئے رہائشی وغیر رہائشی عمارتوں کی تعمیر کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کی منظوری دے دی گئی جس کی لاگت 118.255ملین روپے ہوگی ۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیئے داخلی امن عامہ کے لیئے گاڑیاں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس پر 177.42ملین روپے خرچ کیئے جائیں گے۔ بلتستان میں معلق اور RCC پلوں کی مرمت اور بحالی کے ایک منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا جس پر 102.00ملین روپے لاگت آئے گی۔ بلتستان میں ہمایوں پل سے سرموں تک ٹرک ایبل روڈ کی کارپیٹنگ اور مرمت کے لیئے150.000ملین روپے لاگت کے منصوبے کی بھی منظور ی دی گئی۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے گاہکوچ، ضلع غذر میں 30بیڈ کے ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے 50 بیڈز بنائے جانے کے منصوبے کے بارے میں متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کو ہدایت جاری کی کہ سات یوم کے اندر اس حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سلطان سکندر راجہ نے عوامی اہمیت کے حامل تمام منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ تمام حکام اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اور کام کی رفتار کو تیز بنانے کی کوشش کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو ٹھیکیدار اپنے کاموں میں غفلت کا مظاہرہ کرے انہیں بلیک لسٹ کیا جائے بلیک لسٹ ٹھیکیدار کو بحال کرنے کے مجاز صرف اور صرف چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ہونگے۔انہوں نے اجلاس میں ہدایت کہ آج تک جتنے بھی فیلڈاجلاس ہوئے ہیں اسکی میٹنگ رکھی جائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button