جمعیت طلباء اسلام کی طرف سے مقابلہ حسن قرات کی تقریب
پشاور (بشیر حسین آزاد) جمعیت علماء اسلام ضلع چترال حلقہ پشاور کے زیر اہتمام پشاور کے جامعہ شاہ ولی اللہ میں مقابلہ حسن قرات کی تقریب منعقد ہوئی جسمیں کثیر تعداد میں علماء کرام ، حفاظ، قراء اور اراکین جمعیت نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ شاہ ولی اللہ میں ہونیوالے اس تقریب کی صدار ت جے ٹی آئی چترال حلقہ پشاور کے صدر عبدالواسع نے کی جبکہ جمعیت علماء اسلام ضلع چترال کے امیر قاری عبدالرحمن قریشی اور جنرل سیکرٹری مولانا عبدالشکور نے اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی چترال کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالشکور و دیگر مقررین نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ جمعیت کا پیغام حق گھر گھر پہنچائیں اور طاغوتی قوتوں کا راستہ روکنے کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور پاکستان کو بیرونی ایجنٹوں کے یلغار کا سامنا ہے ، ایسے حالات میں اراکین جمعیت بالخصوص جے ٹی آئی کے نوجوانوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے دن رات محنت کریں۔