سیاست

گلگت بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنا زیادتی ہے، کو آرڈینیٹر تحریک انصاف

گلگت(صفدر علی صفدر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی و کوارڈنیٹر گلگت بلتستان غلام سرور نے کہا ہے کہ مملکت پاکستان کی آزادی کے لئے گلگت بلتستان کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہے ۔لیکن پاکستان مسلم لیگ ن کے نااہل حکمران ان قربانیوں کو فراموش کرکے اس خطے کو متنازعہ قرار دیتے ہیں جس پر انہیں شرم آنی چاہے ۔گلگت بلتستان پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہاں کے عوام دیگر صوبوں کے عوام سے بڑھ کر پاکستانی ہیں۔انکی نیتوں پر شک کرنے اور علاقے کو متنازعہ قرار دینے پر پرویز رشید اور نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے وہ منگل کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔

غلام سرور خان نے کہاکہ گلگت بلتستان کے آئینی حیثیت کے تعین میں کچھ قانونی پیچیدگیاں ضرور ہیں مگر اس کو جواز بناکر یہاں کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا بھی سراسر ناانصافی ہے ۔پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر گلگت بلتستان کی محرومیوں کے ازالے کیلئے بھر پور اقدامات کریگی اور یہاں کے عوام کو وہ حقوق دلائے گی ۔جو ملک کے دیگرصوبوں کے عوام کو حاصل ہیں ۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی مہدی شاہ جیسا گیا گزرا وزیراعلیٰ نہیں دیکھا جو اپنے آبائی حلقے کیلئے ایک سڑک بھی تعمیر نہیں کراسکے تو قوم کو وہ کیا دے سکتے ہیں ۔ان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے قدرتی وسائل سے مالا مال خطے کے عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ جیسے عذاب سے گزر رہے ہیں اسکی مثال ملک کے کسی کونے میں نہیں ملتی کیونکہ گلگت شہر میں قیام کے دوران بجلی کی صورتحال انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکریاں فروخت کرنا صرف گلگت بلتستان ہی کا مسئلہ نہیں بلکہ ملک میں جہاں کہیں بھی پیپلز پارٹی اور بے نظیر بھٹو کی جماعت نہیں بلکہ چوروں لیٹرو ں اور ڈاکووں کی جماعت بن چکی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن بھی اپنی طبی عمر پوری کرچکی ہے ۔اب ملک میں تبدیلی آچکی ہے اور بہت جلد پاکستان تحریک انصاف برسراقتدار میں آکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریگی ۔

انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ملک بر اور گلگت بلتستان میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دیکر عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لئے نفرتیں پیدا کردیں لیکن حکمرانوں نے اس مسئلے کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہندوستان اور اسرائیل پاکستان میں فسادات برپا کرنے کے درپے ہیں جبکہ ہمارے حکمران اسے پسندیدہ ملک قرار دینے میں لگے ہوئے ہیں جو ہم سب کیلئے باعث شرم ہے ۔اس موقع پر اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عامر زمان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں اور مملکت پاکستان کے قیام میں انکی قربانیاں شامل ہیں لیکن ملک کے حکمرانوں نے یہاں کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھ کر خطے کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی کی ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آکر خطے کے عوام کو بنیادی حقوق دلانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریگی ۔انہوں نے پارٹی ورکروں کو ہدایت دی کہ وہ گلگت بلتستان کے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن سے پیسے لیکر ووٹ تحریک انصاف کو دے دیں کیونکہ ان لوگوں نے ملک کا جو حشر کیا ہے عوام ان سے اس کا بدلہ لینا چاہتے ہیں ۔کنونشن سے تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صوبائی کنونےئر حشمت اللہ صوبائی صدر عبدالطیف جنرل سیکریٹری علی مراد شاہ ناصر اظہار ہنزائی فاروق احمد شمس الرحمن و دیگر عہدیداروں نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کی محرومیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ انکی جماعت ان محرومیوں کا ازالہ کرکے گلگت بلتستان کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریگی ۔کنونشن میں گلگت ہنزہ نگر غذر اور استور سے تحریک انصاف کے ضلعی عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔کنونشن میں تحریک انصاف اور عمران خان کی حمایت اور مسلم لیگ ن کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button