جمعے کو گلگت شہرمیں بجلی بحران کے خلاف احتجاج ہوگا
گلگت(پ ر) بجلی بحران اور لوڈشیڈنگ کے خلاف جمعہ کو تاریخی شٹرڈاؤن اور شہر میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا ۔نا اہل بیوروکریسی اور انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر نا کام ہو چکی ہے ۔اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہواتو مزید سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر گلگت میں معاشی پہیہ بیٹھ گیا ہے اور تاجر برادری حکومت کو بد دعائیں دے رہی ہے مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار عوامی ایکشن کمیٹی ایگزیکٹیو باڈی کے اجلاس میں رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں تنظیم اہلسنت ،انجمن امامیہ ،جماعت اسلامی ،مجلس وحدت مسلمین ،متحدہ قومی موومنٹ ،تحریک انصاف ،بالاورستان نیشنل فرنٹ ،انقلابی سوشلسٹ ،گلگت بلتستان گریجویٹ الائنس،تحقون ویلفےئر ایسوسی ایشن ،آل پاکستان مسلم لیگ ،جی بی قومی موومنٹ ،قراقرم نیشنل موومنٹ ،جوہر میموریل سوسائٹی و دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شٹر ڈان اور بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا حکومت اور انتظامیہ عوام کو تقسیم کرنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرے اور عوام کو بجلی بحران سے نجات دلائے انتظامیہ عوام کو لڑانے کی سازشوں میں مصروف ہے جو کہ قابل مذمت ہے ۔گلگت جی بی کا دل ہے اور دارلخلافہ ہونے کے باوجود 20گھنٹے کا لوڈشیڈنگ جو کسی صورت قبول نہیں ہے حکمران ہوش کے ناخن لے ورنہ اب مزید برداشت نہیں کرینگے ۔رہنماؤں نے عوام اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کو شٹرڈاؤن کر کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کر کے اپنے حق کیلئے ایک ہو کر آواز بلند کرے ۔