گلگت بلتستان

بھارت گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دے کر اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام کرنا چاہتا ہے، وزیر اعلی

21-09-15 (1) (1)
گلگت (پریس ریلیز) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں آزادی پاکستان کے بعد گلگت بلتستان میں جذبہ ایمانی کی بنا ء پر آزادی کی تحریک نے جنم لیا او ر بغیر کسی بیرونی امداد کے آزادی حاصل کی آئینی حقوق نہ ملنے کے باوجود آج بھی گلگت بلتستان میں کسی قسم کی وفاق کے خلاف کوئی تحریک نہیں ہے بلکہ پاکستان سے محبت کا جذبہ ہر فرد میں موجود ہے ۔ ڈوگروں سے آزادی حاصل کرنے کے بعد پاکستان سے جذبہ ایمانی کی وجہ سے الحاق کیا ۔ لیکن مکار دشمن بھارت نے مسئلے کشمیر کو اقوام متحدہ میں پیش کیا جس کے تحت استصواب رائے ہونا تھا اس لیے گلگت بلتستان کو استصواب رائے میں شامل کرنے کے لیے آئینی حقوق نہیں دئیے جاسکے۔ گلگت بلتستان کی جغرفیائی اہمیت پاکستان کے دیگر صوبوں سے زیادہ ہے ۔ چار ایٹمی طاقتوں کے درمیان گلگت بلتستان کی موجودگی اس علاقے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے ۔ پاک چین اقتصادی رہداری منصوبہ گلگت بلتستان اور پورے ملک کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس معاہدے کے بعد بھارت خود کو تنہائی کا شکار محسوس کررہا ہے اور گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دے کر اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں منرلز اور ہائیڈل پاور کے مواقع موجود ہیں ۔وفاقی حکومت نے دیامر بھاشہ ڈیم اور بونجی ٹنل کا آغاز کیا ہے ۔ بھارت ان منصوبوں کی متاثر کرنے کے لیے سازشیں کر سکتا ہے لیکن پاکستان کی ترقی اور امن کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت اور افواج پاکستان ایک پیج پر ہیں ۔ نیشنل ایکشن پلان کے بعد دہشت گردی پر قابو پایا گیا ہے ۔کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر گلگت بلتستان کے عوام ہورہے ہیں لیکن ہمیشہ گلگت بلتستان میں پاکستان کے آئین کے تحت حقوق کی تحریک رہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گڈ گورننس ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے تمام اداروں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اگر کسی بھی ادارے میں بے ضابطگی ہوئی تو ملوث افراد کے خلاف سخت کاروئی کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے حالیہ دورے میں عطا آباد ٹنل کاافتتاح کیا جو پاک چین دوستی کا عملی نمونہ ہے۔ تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو دعوت دی جائے گی کہ ان ٹنلز کو اپنے صوبوں کی ثقافت کے حوالے سے تزائین و آرائش کریں تا کہ ان ٹنلز سے تمام صوبوں کی ثقافت نمایاں ہوسکے ان ٹینلز کو پاکستان کے صوبوں کے ناموں سے منسوب کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے پاکستان ایئر فورس کالج کے گلگت بلتستان میں دورے پر آئے ہوئے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے پاک فضائیہ کی حالیہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کردار کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button