چلاس: تین روزہ فری آئی میڈیکل کیمپ
چلاس(ڈسٹرکٹ رپورٹر) واپڈا لینڈ ایکوزیشن اینڈ ریسٹلمنٹ اور محکمہ صحت کے تعاون سے تین روزہ فری آئی میڈیکل کیمپ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس افتتاح کر دیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر دیامر عثمان احمد نے فیتہ کاٹ کر فری آئی میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا ۔سہ روزہ کیمپ کے دوران امراض چشم کے ماہر ڈاکٹر آنکھوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کا معائینہ اور سرجری کریں گے ۔ افتتاحی تقریب میں ڈی ایچ کیو کے ڈاکٹروں سمیت ڈی ایس ایم پی پی آیچ آئی دیامرمحمد افضل خان،ڈائریکٹر میڈ یکل سروسز واپڈا ناصر محمود ،ڈپٹی ڈائریکٹر واپڈا رحیم شاہ ،پرنسپل ڈگری کالج چلاس اشرف ملک ودیگر نے بھی شرکت کی ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دیامر عثمان احمد خان نے کہا کہ واپڈا کا دیامر جیسے پسماندہ ڈسٹرکٹ میں اس طرح کے میڈیکل کیمپ کا انعقاد انتہائی خوش آئند اقدام ہے ۔اس سے سینکڑوں مریضوں کو فائدہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ واپڈا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس کو جدید سہولیات سے آراستہ کر نے کیلئے اقدامات کرے ۔صوبائی حکو مت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہو ئے صحت کی سہو لیات فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ واپڈا سے عوام دیامر اور انتظامیہ کو بہت توقعات وابستہ ہیں نئے واپڈا پی سی ون میں دیامر کے مختلف تعمیراتی منصوبے شامل ہیں اس پر فوری کام کا آغاز ہونا چاہئیے تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں انہوں نے کہا کہ اہلیان دیامر نے ملک کی خاطر حقیقی قربانی دی ہے جس کو ہر سطح پر تسلیم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ واپڈا کو چاہئیے کہ وہ فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال چلاس میں فوری ٹراما سنٹر قائم کریں میڈیکل کیمپ کا انعقاد بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا عملی طورپر نظر آنے والے کام اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے ڈائر یکٹر جنرل میڈیکل سروسز واپڈا ناصر محمود نے کہا کہ واپڈا دیامر بھاشہ ڈیم جیسے میگا پراجیکٹ پر کام کر نے کے ساتھ ساتھ عوام کو دیگر سہو لیات فراہم کر رہا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس کی بنیادی ضروریات پو ری کر نے کے علاوہ جدید آلات بھی فراہم کیئے جائیں گی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس ڈاکٹر عبدالاحد نے بریفنگ دیتے ہو ئے کہا کہ چلاس ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ زیادہ رہتا ہے ،معمول کے مریضوں کے علاوہ شاہراہ قراقرم پر ہو نے والے حادثات کے زخمی بھی ہسپتال لائے جاتے ہیں ۔اس لیئے جدید سہو لیات سے آراستہ ایمرجنسی سنٹر قائم کیا جائے ۔ہسپتال میں اس وقت دو سرجن موجود ہیں جبکہ صرف ایک بے ہو شی کا ڈاکٹر ہے جس کے چھٹی پر چلے جانے سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں فوری طور پر بے ہو شی کا داکٹر تعینات کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گائینی کالوجسٹ کی عدم موجودگی سے خواتین مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر واپڈا رحیم شاہ نے سرانجام دئیے ۔تین روزہ میڈیکل کیمپ میں ماہرین امراض چشم مریضوں کی سرجری اور معائینہ کرینگی۔