نواز لیگ نے کرپشن کی دوڑ میں پیپلز پارٹی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، ایم ڈبلیو ایم
گلگت (ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل) نواز لیگ نے کرپشن کی دوڑ میں پیپلز پارٹی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ٹیکس میں 50 فیصد اضافہ کرکے نواز لیگ نے عوام دشمنی کا ثبوت فراہم کیا ہے، اپنی شاہ خرچیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے حکومت نان ایشوز کو بنیاد بنارہی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا ہے کہ نواز لیگ اپنے اقتدار کے ابتدائی دنوں میں ہی عوام کو کوئی بڑا ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی اور انکم ٹیکسز میں اضافہ علاقے کے عوام پر ایک آفت ہے ۔ پسماندہ ترین خطے کے عوام کو بنیادی انسانی سہولتوں کی فراہمی کی بجائے بیجا ٹیکسز عائد کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ جبکہ صحت کے بنیادی مراکز میں کوئی سہولیات نہیں اور تعلیمی ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے طلباء کی پڑھائی میں خلل پڑھ رہا ہے تو دوسری طرف چھوٹے کارخانے چلانے والوں کا کاروبار ٹھپ ہوچکا ہے۔ خطے میں خوشحالی لانے اور روزگار دینے کے دعوے کرنے والی حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت اور عوام کو بھی اعتماد میں لینا بھی مناسب نہیں سمجھا۔ نواز لیگ کا یہ اقدام علاقے کے عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام فقط ٹیکسز کلیکٹ کرنا نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوتا ہے جبکہ حکومت کے آغاز سے ہی اندازہ ہورہا ہے کہ یہ حکومت بھی سابقہ حکومت کی طرح بے بسی کے نعرے تلے اقتدار کے مزے لوٹیں گے ۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی بی بی سلیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرپشن ایک لا علاج بیماری کی شکل اختیار کرچکا ہے جس سے چھٹکارا پانے کیلئے بڑے پیمانے پر سرجری کی ضرورت ہے،تمام سرکاری ادارے مافیا کے ماتحت کام کررہے ہیں عوامی مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں جبکہ متعلقہ حکام کو اپنے تنخواہوں اور کمیشنوں کی فکر لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کاروائی کا شور شرابا تو ہوتا رہتا ہے لیکن عملی طور پر آج تک کرپٹ مافیا کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہ آنا باعث تشویش ہے۔اگر نیب دیانت داری سے عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں اور حقداروں کو ان کے حق سے محروم کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے تو آئندہ آنیوالوں کی جرات نہیں ہوگی کہ وہ کسی حقدار کو اپنے حق سے محروم کرسکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سابقہ کرپٹ مافیا کے ساتھ ساتھ موجودہ حکومت کی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی کاروائی کرے تاکہ کرپشن کی لعنت سے چھٹکارا نصیب ہو۔ نیب اپنا کام دیانت داری سے انجام دیدے تو کرپشن کے خاتمے میں دیر نہیں لگے گی،یہ ادارہ دباؤ سے آزاد ہوکر بلاتفریق کاروائی کرے تو علاقے کی ترقی و خوشحالی عوام کے قدم چومے گی۔