چلاس: الخدمت فاونڈیشن نے دیامر کے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کی
چلاس (پریس ریلیز) الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان کی طرف سے دیامر کے 300 سے ذائد زلزلے سے متاثرہ خاندانوں میں شیلٹرز ، ونٹر پیکیجز ، خوراک اور ترپال تقسیم۔ ریلیف تقسیم کی سب سے بڑی سرگرمی چلاس میں منعقد ہوئی، جس میں نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان مشتاق احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی میں الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان نے کلیدی کردار ادا کیا۔ غذر اور دیامر کے متاثرین کی امداد جاری ہے ، متاثرین میں شیلٹرز تقسیم کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ زلزلے اللہ کی طرف سے آزمائش ہیں، مسلمانوں کو اپنے گناہوں سے توبہ کر کے اللہ کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے، آج مجھے خوشی ہےکہ خدمت کا یہ ادارہ اپنے صحیح سمت میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔
جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی گلگت بلتستان نظام الدین نے کہاکہ حالیہ زلزلے کے متاثرین کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ سخت سردی میں متاثرین تکلیف میں مبتلا ہیں۔الخدمت فاونڈیشن نے ریلیف تقسیم کر کے متاثرین کے مسائل کم کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔ ادارے کے صوبائی ذمہ داران اور رضاکاروں نے جس جذبے سے خدمات سرانجام دیں ہیں ایسی مثالیں خال خال ہی ملتی ہیں۔
صدر الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان حبیب الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں متاثرین کی خدمت کا موقع ملا ، ذمہ دارا ن اور رضاکاروں نے امدادی سرگرمیوں کو کامیاب کرنے میں دن رات محنت کی، کئی دفعہ بھوکے سوئے، راتوں میں نیند نہیں کی لیکن اپنے فرض سے کوتاہی نہیں کی۔ الخدمت کی ریلیف کے سلسلے کی آخری سرگرمی چلاس میں ہوئی اب ہم متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے کوشش کرینگے انشاء اللہ بہت جلد گلگت میں ریسپانس سینٹر قائم ہوگا اور کام میں مذید بہتری آئیگی۔