گلگت بلتستان

اٹھارہ مارچ کو عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان اور آل پارٹیز بلتستان ایکشن کمیٹی مشترکہ احتجاج کریں گے

سکردو (رضاقصیر) عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے آل پارٹیز بلتستان ایکشن کمیٹی کے چار ٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے پورے گلگت بلتستان میں آئینی حیثیت کے تعین میں غیرمعمولی تاخیر سکردو روڈ کی عدم تعمیر اقتصادی راہداری منصوبے میں گلگت بلتستان کو نظر انداز کرنے اور غیر قانونی ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف18مارچ کو شدید احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان اور آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بلتستان کا مشترکہ اجلاس سکردو میں منعقد ہو ا جلاس میں دونوں کمیٹیوں کے عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی اجلاس کی صدارت سید عباس رضوی نے کی اجلاس میں دونوں ایکشن کمیٹیوں کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر غور خوص کیا گیا اور علاقے کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کیلئے مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئر مین مولانا سلطان رئیس نے کہاکہ عوامی ایکشن کمیٹی اور بلتستان ایکشن کمیٹی کے موقف اور چارٹر آف ڈیمانڈ میں بالکل یکسانیت پائی جاتی ہے گندم کے مسئلے پر سب سے زیادہ بلتستان کے عوام نے ساتھ دیا جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کریں گے بلتستان کے عوام یہ نہ سمجھیں کہ ہم انہیں کسی مسئلے پر تنہا ، چھوریں گے سکردوروڈ کی عدم تعمیر کے خلاف بلتستان ایکشن کمیٹی کی کال پر پورے گلگت بلتستان میں احتجاج کیا جائے گا اور 18مارچ کو بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئے پورے خطے کے عوام سڑکوں پر ہوں گے بلتستان کے چاروں اضلاع کے عوام ہمارے بھائی ہیں انہیں نظر انداز کرنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ اجتماعی مفادات کے تحفظ کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور عوامی حقوق پرڈاکہ ڈالنے کی کسی کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ 18مارچ کے احتجاج کیلئے تمام اضلاع میں جاکر مذہبی اکابرین سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں 18مارچ کے احتجاج کے بارے میں اعتماد میں لیا جائے گا۔

آل پارٹیز بلتستان ایکشن کمیٹی کے چیئر مین آغا سید عباس رضوی نے کہا کہ سکردو روڈ ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اس اہم شاہراہ کی عدم تعمیر کے خلاف گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے عوام کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا کیونکہ روڈ کی تعمیر سے صرف بلتستان کو فائدہ نہیں ہو گا بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے عوا م سے درخواست کرتے ہیں کہ بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئے 18مارچ کو سڑکوں پر نکلیں اور بھرپور احتجاج کریں جب تک تواناآواز بلند نہیں ہو گی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

آغا سید علی رضوی نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے ہاتھ روکنے کیلئے کسی بھی سطح پر جانے سے گریز نہیں کریں گے سکردو روڈ ، آئینی حقوق ، اقتصادی راہداری کے مسئلے پر ہمیں بے وقوف بنایا جارہا ہے علاقے میں غیر قانونی اور غیر آئینی ٹیکسز نافذ کر کے عوام کو پریشان کیا جارہا ہے ہم روڈ کی تعمیر تک چین سے نہیں بیٹھیں گے عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت حاصل ہو نے کے بعد بلتستان ایکشن کمیٹی مضبوط اور موثر ہو گئی ہے اب حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے تمام مذہبی ، سیاسی جماعتیں متحد ہوگئی ہیں حکومت مزید ہمیں بے وقوف نہیں بنا سکتی رکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان نے کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے سخت سے سخت فیصلے کرنا ہو ں گے ہم کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے اور اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل دآامد نہیں ہوگا مرکزی انجمن تاجران کے صدر غلام حسین اطہر نے کہا کہ سکردو روڈ نہ بننے کے باعث ہماری معیشت تباہ ہو گئی ہے لیکن حکومتیں طفل تسلیاں دے کر وقت ٹال رہی ہیں ہم حکومت سے بالکل مایوس ہو چکے ہیں ہر حکومت نے سکردو روڈ پر سیاست کی مگر تعمیر کیلئے کسی حکومت نے کوئی جتن نہیں کیا۔

مسلم لیگ ق کے رہنماء سابق ڈپٹی سپیکر وزیر ولایت علی ایڈ ووکیٹ نے کہا کہ قوم کو متحد ہونا ہو گا اگر ہم متحد نہ ہوئے تو کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے ہمیں مصلحتوں سے بالاتر ہو گا اور حکومت کو فری ہینڈ نہیں دینا چاہیے محمد بشیر نے کہا کہ ہم اپنے حقوق پر کسی سے کوئی سودا بازی نہیں کریں گے اور عوامی طاقت استعمال کرکے حقوق حاصل کریں گے دریں اثنا ء عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان اور بلتستان ایکشن کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں علاقے کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے ہمیشہ مل کر چلنے اور بھرپور احتجاج کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button