سیاست

آل پاکستان عام آدمی پارٹی کے چیرمین اور دیگر رہنماوں نے چلاس کا دورہ کیا،اگلے چھ روز مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے

دیا مر(بیورو رپورٹ) آل پاکستان عام آدمی پارٹی کے چئیرمین چوہد ری ناصر محمود مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ چھ روزہ دورے پر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر پہنچ گئے۔چلاس پہنچنے پر پارٹی کے صوبائی صدر ظفر محمد شادم خیل کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں نے شتیال کے مقام پر ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ریلی کی شکل میں چلاس پہنچا دیا۔چلاس پہنچنے پر اپنے قائد کے انتظار میں بیٹھے ہزاروں افراد نے پارٹی قائد ین کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔اس موقع پر پورا چلاس نعروں سے گونج اٹھا۔بعد ازاں آل پاکستان عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے ایک ریلی کی شکل میں مرکزی قائدین کو ضلعی سیکریٹریٹ چلاس پہچایا جہاں چیرمین ناصر محمود نے فیتہ کاٹ کر ضلعی دفتر کا افتتاح کیا۔افتتاح کے موقع پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گلگت بلتستان بھر سے پارٹی کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری ناصر محمود نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں ہماری جماعت عام آدمی کی جماعت ہے جس میں پاکستان بھر کے عام لوگ شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عام لوگ اس وقت غربت کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے بچے پاکستان سے باہر جائیدادیں بنانے میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ کئی دھائیوں سے احساس محرومی کی زندگی گزار رہے ہیں اور یہاں گلگت بلتستان میں مورثی سیاست عروج پر ہے یہاں کے حکمران عوام کے خادم بننے کی بجائے حاکم بننے کی کوشش کر رہے ہیں عوام کو اپنے حقوق اور شناخت کے لئے آواز بلند کرنا ہوگا ۔اس موقع پر چوہدری ناصر محمود نے ضلع دیامر کے فری ایمبولینس سروس فراہم کرنے اور دیامر کے اندر عوامی ضرورت کے پیش نظر ایک ڈسپنسری کے قیام کا بھی اعلان کر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر و معروف سیاسی رہنماء ظفر محمد شادم خیل نے کہا کہ 67 سالوں سے گلگت بلتستان کے پسماندہ عوام کو ایک سازش کے تحت بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے لیکن ہم عوامی طاقت سے ایسے سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے میدان عمل میں آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایک مخصوص ٹولہ گزشتہ کئی سالوں سے حکمرانی کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود یہ حکمران طبقہ اپنی جائیدادیں بنانے کے علاوہ غریبوں کے لئے خیر خواہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں یونین کونسل سے لیکر ڈسٹرکٹ کونسل کے تمام حلقوں میں آل پاکستان عام آدمی پارٹی کے امیدوار سامنے لائے جائیں گے ۔انہوں نے مذید کہا کہ اس حوالے سے ہم نے گلگت بلتستان میں اپنی جماعت کی باقائدہ تنظیم سازی کا آغاز کر دیا ہے۔انشااللہ بہت جلد آل پاکستان عام آدمی پارٹی گلگت بلتستان کی مقبول جماعت کے طور پر سامنے آئینگے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت گلگت بلتستان میں عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت اور تعلیم پر کام کرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی مرکزی جنرل سیکریٹری شاہدہ پروین نے کہا کہ آل پاکستان عام آدمی پارٹی گلگت بلتستان کی تقدیر بدل کر رکھ دے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاع کے مطابق گلگت بلتستان کی خواتین انتہائی کسمپرسی میں زندگی گزار رہی ہیں ہم اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے خواتین کو ان کے حقوق دلانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتیں صرف ناچ گانوں کے لئے خواتین کو جمع کرتی ہیں لیکن ہم خواتین کو مساوی حقوق دلانے کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری خالد نوید نے پارٹی قائدین کو گلگت بلتستان آمد پر خوش آمدید کہا اور گلگت بلتستان کے مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پرپارٹی کے ڈپٹی کوارڈینیٹر شیخ طارق ناصر نے کہا کہ ہم عملی کام پر یقین رکھتے ہیں اور ہم عوام سے جو وعدہ کریں گے وہ پورا کر کے دیکھائیں گے۔تقریب سے اپنے خطاب میں راجہ محمد بشیر صدر آل پاکستان عام آدمی پارٹی آزادجموں کشمیر نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا تو آزاد جموں کشمیر کے عوام کوہلہ پل بند کر کے احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔تقریب سے پارٹی چیرمین کے مشیر امیر محمد خان ،ضلع غذر کے صدر میون خان ،ضلع دیامر کے صدر افتخار احمد ،سینیر نائب صدر گلگت بلتستان خورشید احمد ،نمبردار غلام رسول،صدام حسین شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی پی ایم ایل اور تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں نے اپنی پارٹی کو خیر باد کہہ کر آل پاکستان عام آدمی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button