ریڈیو پاکستان گلگت کی چونتیسویں سالگرہ منائی گئی
گلگت(پ ر)گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان گلگت علم و ادب کے فروغ اور گلگت بلتستان کے مقامی زبانوں کی ترقی و ترجیح میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ریڈیو پاکستان گلگت کی 34 ویں سالگرہ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں انہو ں نے کہا کہ عوام میں شعور کی بیداری اور عوامی مسائل کو حکومت تک پہنچانے میں ریڈیو پاکستان کا کلیدی کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کے فروغ کے لئے ریڈیو پاکستان گلگت نے اپنے پروگراموں کے ذریعے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اس موقع پر انہوں نے ریڈیو پاکستان گلگت کے اسٹیشن ڈائریکٹر اور تمام کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ریڈیو پاکستان گلگت سے معیاری پروگرام پیش کرنے میں مزید محنت جاری رکھے۔ریڈیو پاکستان گلگت کی 34ویں سالگرہ کے حوالے سے ریڈیو پاکستان گلگت کے سٹوڈیو میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں سنٹرل ایشن انسٹی ٹیوٹ گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر سعید اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان گلگت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں تفریحی اور معلومات کا واحدذریعہ ریڈیو پاکستان گلگت کی نشریات میں ہیں ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان آفتاب محمود نے کہا کہ ریڈیو پاکستان گلگت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے معیاری پروگرام پیش کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان گلگت کے ڈپٹی کنٹرول پروگرام عالم خان نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران ریڈیو پاکستان گلگت نے عوام کو بر وقت معلومات فراہم کرنے کے لئے ہمیشہ کردار ادا کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عطا آباد سانحہ کے بعد ریڈیو گلگت نے کریم آباد ہنزہ میں FM اسٹیشن قائم کر کے عوام کو بر وقت اگاہ کرنے میں بھر پور کردار ادا کیا ۔ریڈیو پاکستان گلگت کے انجینئر منیجر رحمت علی نے اس موقع پر کہا کہ بہت جلد ریڈیو پاکستان کی ٹرانسمنٹری کی پاور بڑھا کر 300 کلو واٹ کر دیا جائیگا اس حوالے سے وزرت اطلاعات اور ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کام کر رہی ہے ۔ریڈیو پاکستان گلگت شعبہ خبر کے انچارج شیر محمد نے کہا کہ جنگ ہو یا امن ریڈیو کے کردار سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا۔ریڈیو پاکستان گلگت کی34 ویں سالگرہ کے موقع زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریڈیو کے کردار کی تعریف کی ہے۔