چترال ( بشیر حسین آزاد)عالمی یوم ماحولیا ت کے حوالے سے سنولیپرڈ فاونڈیشن کے زیر اہتمام چترال میں منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء نے ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ کو انسانی زندگی کی بقا اور بہتر ذریعہ معاش کے لئے ناگریز قرار دیتے ہوئے کہا اس وقت ماحول کو بچانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے جوکہ نہایت سرعت سے بڑھتی ہوئی انسانی آبادی اور غیر متوازن انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے خطرے سے دوچار ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہا کہ قدرت نے اس کرہ ارض پر ہر چیز کو بنی نوع انسان کی منفعت کے لئے ایک خاص تناسب اور مقدار میں پیدا کیا ہے اور اس کے ساتھ اس پر تصرف کے لئے بھی قوانین بنائی ہے جس سے روگردانی کی صورت میں آج کا انسان شدید تریں خطرات سے دوچار ہے جس میں ان کی بقا کا سوال بھی اٹھ گیا ہے۔ ضلع ناظم نے کہا کہ حیاتیاتی تنوع اور ان کے مسکن کو آلودگی اور بے جا انسانی مداخلت سے پاک رکھنے کا حکم ہمیں اسلام نے ہی دی ہے جس پر عمل پیر ا ہوکر ہم چین، سکون اور امن وآشتی کی زندگی گزار سکتے ہیں اور جس خطرے کا واویلا آج اہل مغرب مچار ہے ہیں ، اس کی نشاندہی چودہ سو سال پہلے قرآن وسنت نے ہمیں بتائی تھی۔ انہوں نے چترال میں برفانی چیتے کی کنزرویشن میں سنولیپرڈ فاونڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس جنگلی جانور کا کسی علاقے میں موجودگی صحت مند ماحول کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی حکومت کا ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے بارے میں ایک وسیع وژن ہے جس کے مطابق اب ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ اس عمل میں تمام اسٹیک ہولڈروں کو ساتھ ملاکر قدم رکھنا شامل ہے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ اس سلسلے میں ضلعی حکومت بہت جلد ہی ایک ملٹی اسٹیک ہولڈرز کانفرنس طلب کرے گی۔
اس سے قبل سنولیپرڈ فاونڈیشن کے پروگرام افیسر خورشید علی شاہ نے چترال میں برفانی چیتے کو معدومیت سے بچانے کے لئے فاونڈیشن کی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس جنگلی جانور کو بچانے کے لئے چار نکاتی پروگرام پر عمل پیر ا ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو اس عمل میں شرکت کو یقینی بنائی گئی ہے۔ تقریب میں مختلف سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلباء اور طالبات کے درمیان اس دن کی مناسبت سے تقریری مقابلہ ہوا جس میں گورنمنٹ ہائی سکول اجنو کے سلمان اعظم پہلے نمبرپر، گورنمنٹ ہائی سکول کوغذی کے عشوہ آزاددوسرے نمبر پر اور گورنمنٹ ہائی سکول کوجو کے محمد افضل تیسرے نمبر پررہے۔ چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین ، ایف ایم97کے اسٹیشن ڈائرکٹر ادریس حیات بیگ اور معروف صحافی شاہ مراد بیگ نے اس موقع پر انعام حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔